.

دوران پرواز ہوائی جہاز میں بچی کی پیدائش

بچی کی پیدائش کے باعث ہوائی جہاز کی بھارت میں ہنگامی لینڈنگ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

حال ہی میں دبئی سے فلپائن جانے والے ایک مسافر بردار ہوائی جہاز میں ایک خاتون کے ہاں بچی کا جنم ہوا ہے جس پر جہاز کو بھارت کے شہر حیدرآباد میں ہنگامی طور پر لینڈ کرنا پڑا۔

غیرملکی خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ بچی کو جنم دینے والی خاتون کی شہریت معلوم نہیں ہوسکی تاہم یہ واقعہ گذشتہ اتوار کو اس وقت پیش آیا جب فلپائن کی ’’سیپو پیسفیک ایئر‘‘ نامی ایک فضائی کمپنی کا مسافر طیارہ دبئی سے مانیلا کی جانب عازم سفر تھا کہ اس دوران جہاز ہی میں موجود ایک خاتون مسافر کو بچے کی ولادت کی تکلیف شروع ہوگئی۔ اس موقع پر جہاز کے عملے اور فضائی میزبان کو مدد کے لیے طلب کیا گیا۔ جہاز میں اتفاق سے دو نرسیں بھی سوار تھیں۔ انہوں نے مریضہ کی مدد کی۔

اسی ہوائی جہاز میں سوار ایک خاتون مسافر میسی بیربیرابی اومنڈال نے نومولودہ کی تصویر بھی ’فیس بک‘ پر پوسٹ کی ہے۔ اومنڈال کا کہنا ہے کہ بچی اپنے مقررہ وقت سے دو ماہ قبل ہی پیدا ہوگئی تھی۔ تاہم زچہ وبچہ دونوں تندرست ہیں۔

دوران پرواز بچی کو جنم دینے کے واقعے کے باعث ہوائی جہاز کو بھارتی شہر حیدرآباد میں اچانک اتارنا پڑا۔ بھارتی حکام نے بچی کو جنم دینے والی خاتون کو تین روز کے لیے عارضی قیام کے لیے ویزہ جاری کیا ہے۔

جہاز میں سوار میسی اومنڈال کا کہنا ہے کہ طیارے میں دو نرسیں بھی سوار تھیں۔ انہوں نے بچی کی پیدائش کے عمل میں خاتون کی معاونت کی۔ ایک دوسرے خاتون مسافرہ کی طرف سے نومولودہ کو کپڑے فراہم کیے گئے۔ کمبل میں لپیٹی بچی کو اس کی والدہ کے ہاتھوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔