.

فلوریڈا :بیٹے کو 8 گھنٹے تک ٹرک میں بند رکھ کر مارنے والا والد گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کی ریاست فلوریڈا میں ایک غیر ذمے دار اور غیر حاضر دماغ باپ نے آٹھ گھنٹے تک اپنے تیئیس ماہ کے کم سن بچے کو ٹرک میں بند کرکے موت کے مُنھ میں دھکیل دیا ہے۔

فلوریڈا کے علاقے ٹامپا سے تعلق رکھنے والے اس شخص کو اپنے کم سن بیٹے کی موت کا ذمے دار قرار دیا گیا ہے اور اس پر فرد الزام عاید کردی گئی ہے۔ پائنیلاس کاؤنٹی کے شیرف کے دفتر کے ایک بیان کے مطابق ٹامپا کے علاقے پام ہاربر سے تعلق رکھنے والے اس اکتالیس سالہ امریکی ٹرائے وائٹکر نے جمعے کی صبح اپنے بیٹے اور پانچ سالہ بیٹی کو پک اپ ٹرک میں بٹھایا اور گھر سے چل نکلا تھا۔

اس نے پہلے اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑا۔ پھر وہ لاسن کو ڈے کیئر میں چھوڑے بغیر ہی واپس گھر آگیا۔یہ کم سے بچہ سہ پہر ساڑھے تین بجے تک اسی طرح ٹرک میں پڑا رہا۔اس وقت وہ ایک گراسری اسٹور میں گیا وہاں سے اس نے سودا سلف لیا۔تب بھی لاسن ٹرک کی پچھلی نشست پر موجود تھا اور باپ کو اس کے چلانے یا بولنے کی کوئی آواز سنائی نہیں دی۔

وائٹکر اس کے ایک گھنٹے کے بعد گھر لوٹا اور ٹرک سے سامان اتارتے ہوئے اس نے آٹھ گھنٹے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے بیٹے لاسن کو وہاں بے حال پڑے دیکھا۔اس نے پہلے خود اس کو ہوش میں لانے کی کوشش کی۔ پھر 911 پر مدد کے لیے کال کی۔امدادی کارکنوں نے اس بچے کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا۔

شیرف کے دفتر کے مطابق وائٹکر ہلز بورو کاؤنٹی کے فائر ریسکیو دفتر میں ایک فائر فائٹر ہے۔اس نے تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ اس کے خیال میں اس نے بچے کو صبح کے وقت ڈے کیئرمیں چھوڑ دیا تھا۔شیرف گوالٹائری کے مطابق گرم گاڑی میں پڑا رہنے کی وجہ سے بچے کے جسم کا درجہ حرارت 108 ڈگری تک پہنچ گیا تھا اور اسی وجہ سے اس کی موت ہوئی تھی۔

انھوں نے اس کے باپ سے کہا ہے کہ ''آپ کو اپنے بچوں کی ذمے داری قبول کرنی چاہیے اور انھیں گرم کاروں میں ایسے نہیں چھوڑ دینا چاہیے کہ ان کا درجہ حرارت 108 ڈگری تک پہنچ جائے''۔انھوں نے کہا کہ ''اس (والد ) نے غفلت اور بے پروائی کی وجہ سے ایسا کیا ہے۔فلوریڈا کے قانون کے تحت یہ بچے سے ناروا سلوک کے زمرے میں آتا ہے۔اس کو اپنے فعل کی ذمے داری قبول کرنا ہوگی''۔

وائٹکر کو گرفتار کرکے پائینلاس کاؤنٹی کی جیل میں منتقل کیا گیا تھا جہاں سے اس کو 50 ہزار ڈالرز کے زرضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔امریک خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ کی جاری کردہ اس تمام خبر میں دونوں بچوں کی والدہ کا کوئی ذکر نہیں ہے کہ آیا اس کی وائٹکر سے علاحدگی ہوچکی ہے یا وہ خود کوئی ملازمت کرتی ہے اور دن کے وقت اس نے بچوں کی دیکھ بھال کی ذمے داری ان کے والد کو سونپ رکھی تھی۔