.

شوہر نے اپنی بیوی کو فروخت کے لیے پیش کر ڈالا!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانیہ میں یارکشائر کے شہر ویکفیلڈ سے تعلق رکھنے والے سائمن اوکین نے اپنی بیوی لنڈرا کی فروخت کا اشتہار پوسٹ کر کے اپنی شریک حیات کو حیران کر ڈالا۔ اگرچہ انٹرنیٹ پر موجود ویب سائٹ "eBay" پر دیا گیا یہ اشتہار ایک مذاق تھا تاہم اس دوران واقعات اتنی تیزی سے متصادم ہوئے جس کی توقع خود سائمن، اس کی بیوی اور ویب سائٹ پر موجود صارفین کو نہیں تھی۔

سائمن نے اپنی بیوی جو کہ اس کے دو بچوں کی ماں بھی ہے، اس کو خریداروں کے لیے پیش کرتے ہوئے لکھا کہ "وہ حرکت میں پھرتیلی اور باورچی خانے کے امور میں ماہر ہے۔ وہ نئی نہیں ہے بلکہ استعمال شدہ ہے لیکن ابھی مزید کئی کلومیٹر طے کرسکتی ہے".. گویا کہ وہ کوئی عورت نہیں گاڑی ہے۔

ادھر 27 سالہ لنڈرا یہ دیکھ کر سکتے میں رہ گئی کہ اشتہار پوسٹ کیے جانے کے دو روز بعد ہی اس کے لیے بولی کی قیمت 73 ہزار ڈالر سے زیادہ ہو چکی تھی۔ اپنے شوہر کی اس حرکت پر لنڈرا نے اسے قتل کر دینے تک سوچ لیا تھا۔

بہرکیف نیلام میں پیش کی جانے والی بیوی نے اس معاملے کو انتہائی پر مزاح انداز سے لیا اور کہا کہ " اگر متعلقہ ویب سائٹ بولیوں کا سلسلہ نہ روکتی تو نہ جانے میری قیمت کہاں تک پہنچ جاتی ؟".

آخرکار یہ پیش کش پر امن طریقے سے اپنے انجام کو پہنچی جب شوہر اور بیوی دونوں نے افہام وتفہیم کے ساتھ معاملے کو سلجھا لیا۔ سائمن اور لنڈرا اس پیش کش کے حوالے سے کسی منچلے کی جانب سے لکھے گئے تبصرے سے بے حد محظوظ ہوئے جس میں کہا گیا کہ "بکی ہوئی چیز واپس یا تبدیل نہیں ہوگی"۔ لنڈرا نے برطانوی اخبار "ڈیلی میل" کے ساتھ اپنی گفتگو کے اختتام پر بتایا کہ "ملازمت میں میرے تمام ساتھیوں نے اس پیش کش کو دیکھا اور اس کی وجہ سے ہنس کر لوٹ پوٹ ہو گئے۔ مسئلہ یہ نہیں کہ اس نے مجھے فروخت کے لیے پیش کیا بلکہ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ اس نے پوسٹ کرنے کے لیے میری سب سے بُری تصویر کا انتخاب کیا"۔