.

بریڈ پٹ اور جولی میں علاحدگی میں میرا کوئی کردار نہیں : فرانسیسی اداکارہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فلمی دنیا کی سب سے مقبول اور عالمی شہرت یافتہ جوڑی بریڈ پٹ اور اینجلینا جولی کے درمیان بارہ سال کے معاشقے اور دو سال کی شادی کے بعد اچانک علاحدگی ابھی تک معما بنی ہوئی ہے اور جولی کے بریڈ سے طلاق کے فیصلے پر مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

اس دوران یہ بھی قیاس آرائی کی گئی ہے کہ اینجلینا جولی اپنے شوہر بریڈ پٹ کے فرانسیسی اداکارہ میرین کوٹیلارڈ سے راہ و رسم پر نالاں تھیں۔ ان کے درمیان یہ نیا تعلق ہی دراصل اس جوڑے میں علاحدگی کا سبب بنا ہے مگر فرانسیسی اداکارہ کے ساتھی ( خاوند نہیں) نے ایسے ''الزامات'' کو احمقانہ اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔

فرانسیسی اداکار غلومے کینٹ نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا ہے:'' میں بالعموم اپنی نجی زندگی کے بارے میں گفتگو نہیں کرتا ہوں اور میں نے اب تک ہمیشہ بڑی احتیاط سے اس زندگی کا تحفظ کیا ہے''۔

''مگر سیلبرٹی پریس اور بعض صحافیوں کی ان تھک ''حماقت'' اور انٹرنیٹ کے بعض صارفین نے مجھے مجبور کردیا ہے کہ میں کچھ بولوں۔انھوں نے مجھے مجبور کیا ہے کہ میں میرین کے بارے میں اپنے فخر ،محبت ،احترام اور عقیدت کا اظہار کروں۔میرین ان احمقانہ اور بے بنیاد الزامات کے سامنے بہت مضبوط اور ذہین ثابت ہوئی ہیں۔''انھوں نے مزید لکھا۔

فرانسیسی اداکارہ کوٹیلارڈ نے بہ ذات خود بھی گذشتہ بدھ کے روز ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا تھا کہ ان کے بریڈ پٹ سے کوئی مراسم ہیں اور ان کی وجہ سے ہی ''برینجیلینا'' کی شادی ٹوٹی ہے۔

انھوں نے لکھا :'' کئی سال قبل میں اپنی زندگی کے ساتھی اس مرد سے ملی تھی، جو ہمارے بیٹے اور متوقع بچے کا باپ ہے۔وہ میری محبت ،میرا بہترین دوست ہے اور وہی واحد شخص ہے جس کی مجھے ضرورت ہے''۔چالیس سالہ کوٹیلارڈ سنہ 2007 ء سے کینٹ کے ساتھ رہ رہی ہے۔

تفریح طبع کا مواد شائع کرنے والی ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ نے گذشتہ منگل کے روز جونہی یہ اطلاع دی کہ جولی نے طلاق کے لیے درخواست دائر کردی ہے تو اس کے فوری بعد بریڈ پٹ اور کوٹیلارڈ کے درمیان مراسم سے متعلق قیاس آرائیاں کی جانے لگی تھیں۔ان دونوں نے جلد ہی ریلیز ہونے والی جنگی موضوع پر قلم ''الائیڈ'' میں اکٹھے کام کیا ہے۔ یہ فلم لندن میں فلمائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ بریڈ پٹ اور اکتالیس سالہ جولی نے دو سال قبل ہی شادی کی تھی لیکن وہ سنہ 2004ء سے اکٹھے رہتے اور غیر شادی شدہ زندگی گزارتے چلے آرہے تھے۔ان کے چھے بچے ہیں۔ان میں تین متبنیٰ ہیں۔اب ان کے درمیان طلاق ہالی ووڈ کے سب سے ہائی پروفائل جوڑے کے درمیان ایک طویل رفاقت کے بعد علاحدگی پر منتج ہوئی ہے۔