امریکا:ٹریفک میں رکاوٹ ’متحرک درخت ‘ گرفتار!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

امریکی پولیس نے حال ہی میں سڑکوں پر ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا کرنے والے چلتے پھرتے درخت کو حراست میں لیا ہے۔

چلتے پھرتے درخت سے قارئین کو شبہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ واقعی میں کوئی درخت نہیں بلکہ ایک جنونی امریکی کا انوکھا اقدام تھا جس نے اپنے اوپر صنوبر کے درخت کی مانند گھنی ٹہنیوں اور سبز پتوں کے مشابہ لباس پہن رکھا تھا۔ بہ ظاہر دیکھنے سے وہ ایک درخت ہی محسوس ہوتا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق چلتےپھرتے درخت کا واقعہ بورٹلینڈ شہر کی شاہراہ کانگریس پر اس وقت پیش آیا جب ٹریفک پولیس نے ٹریفک جام ہونے پر دیکھا کہ سڑک کے بیچ ایک سرسبز درخت نہایت بے احتیاطی اور لاپرواہی کے ساتھ گھوم پھر رہا ہے۔ اس پر پولیس نے فوری کارروائی کرکے درخت کا لبادہ اوڑھنے والے جنونی کو حراست میں لے کر ٹریفک بحال کی۔

گرفتار ہونے والے امریکی کے ایک دوست کا کہنا ہے کہ اس کے دوست کے اس منفرد اقدام کا مقصد لوگوں کو درختوں کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا اور انہیں یہ بتانا تھا کہ اگر گاڑی چلاتے ہوئے درخت پر نظر پڑے تو کیا کرنا چاہیے۔

اس واقعے کی ایک فوٹیج بھی انٹرنیٹ پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ جس میں متحرک درخت کے باعث سڑک پر ٹریفک جام کا منظر دکھایا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے اس واقعے کی مزید تفصیل بیان نہیں کی گئی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں