.

اسمارٹ فون کا ’جنون‘۔ یوکرائنی نے اپنا نام ’آئی فون 7‘ رکھ لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسمارٹ فون کے حصول کا جنون کی حد تک شوق تو ایک حقیقت ہے مگر یوکرائن میں ایک نوجوان نے ’’آیہ فون 7‘ کے حصول کے لیے اپنا نام ہی ’آئی فون 7‘ رکھ لیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یوکرائن میں ایک مقامی اسمارٹ فون اسٹور کی طرف سے اعلان کیا گیا وہ ایسے پانچ افراد کو ’آئی فون 7‘ مفت فراہم کرے گا جو اپنا نام اس کے نام سے منسوب کریں گے۔ اس پر ایک 20 سالہ نوجوان نے سرکاری دستاویزات میں اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے’آئی فون 7‘ رکھ لیا۔ پہلے تو لوگوں نے اسے مذاق سمجھا مگر بعد میں معلوم ہوا کہ اسمارٹ فون کے شوقین نے سچ مچ اپنا نام’آئی فون سیون‘ رکھ لیا ہے۔ مقامی اسٹور کی طرف سے اپنا نام تبدیل کرنے والے نوجوان کو وعدے کے مطابق ’آئی فون 7‘ کا ایک سیٹ تحفے میں پیش کیا ہے۔ دکان کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ مزید چار آئی فون سیٹ اسی شرط پر مفت فراہم کریں گےتاہم مزید کسی شہری کی طرف سے اپنا نام’آئی فون 7‘ رکھنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔

اپنا نام آئی فون 7 رکھنے والے نوجوان کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فون حاصل کرنے کے بعد وہ اپنا سابقہ نام ’الیکزنڈر ٹورینو‘‘ دوبارہ رکھ لے گا کیونکہ وہ اسی نام کے ساتھ شادی کرنا اور باپ بننا چاہتا ہے۔

خیال رہے کہ یوکرائن میں اسمارٹ فون ’آئی فون 7‘ 850 امریکی ڈالر میں فروخت ہورہا ہے جب کہ وہاں پر نام کی تبدیلی صرف دو امریکی ڈالر میں ہوجاتی ہے۔

اپنا نام ’آئی فون 7‘ رکھنے والے نوجوان کے اقارب بھی اس اقدام پر حیران ہیں۔ اس کی ہمشیرہ تینیانا کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین نہیں آرہا ہے کہ ہمارے بھائی نے اپنا نام ’آئی فون 7‘ رکھ لیا ہے۔ اس نام کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔