.

شاہ سلمان کی سر سے جُڑی مصری بچیوں کی سرجری کی ہدایت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے مصر سے تعلق رکھنے والے سرسے جڑی بچیوں کی سرجری کےخصوصی انتطامات کی ہدایت کی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سر سےجڑی بچیاں منۃ اور می مصری شہری اسلام صقر رمضان حسن کی بیٹیاں ہیں۔ انہیں حال ہی میں سرجری کے لیے سعودی عرب لایا گیا تھا جہاں شاہ سلمان نے ریاض میں قائم شاہ عبدالعزیز میڈیکل کپلیکس میں ان کا مکمل طبی معائنہ کرنے کے بعد سرجری کی ہدایت کی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی ’واس‘ کے مطابق شاہی مشیر اور شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے بتایا کہ شاہ سلمان نے مصر سے لائی گئی سر سے جڑی بچیوں کی سرجری کے لیے ہرممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

الربیعہ کا کہنا ہے کہ شاہ سلمان نے مصری بچیوں کو انسانی ہمدردی اور اسلامی بھائی چارے کے تحت علاج کی ہرممکن سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ دونوں بچیوں کے سر عقبی حصے سے باہم ملے ہوئے ہیں اور دونوں کے سر کی شریانیں ایک دوسرے کے دماغ سے مربوط ہیں۔ اس لیے یہ ایک پیچیدہ کیس بھی سمجھا جاتا ہے۔ سعودی عرب میں ماضی میں بھی اس طرح کے حساس کیسوں کی سرجری کی جاتی رہی ہے۔