.

لبنانی طیارے میں دھینگا مشتی اور مکے بازی کا مظاہرہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان کے دارالحکومت بیروت سے لندن جانے والی ایک پرواز کو دو مسافروں میں دھینگامشتی کے بعد ترکی کے شہر استنبول کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا۔

سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں لبنان کی فضائی کمپنی مشرقِ وسطیٰ ائیرلائنز کی اس پرواز میں دو مسافر پہلے ایک دوسرے کے ساتھ توتکار کررہے ہیں اور اس کے بعد وہ ایک دوسرے پر پِل پڑتے ہیں اور تھپڑ اور گھونسے رسید کرنا شروع کردیتے ہیں۔

ویڈیو میں بڑی عمر کا شخص لڑائی کی ابتدا کرتا ہے اور وہ پہلے نوجوان مسافر کو گھونسا مارتا ہے۔اس کے جواب میں نوجوان مسافر بھی اس کے سر پر دوہتڑ ماردیتا ہے۔

اس دھینگا مشتی کے بعد پائیلٹ نے طیارے کو ترکی کے شہر استنبول میں کسی شیڈول کے بغیر اتار لیا۔ اس تمام منظر کی ویڈیو بنانے والا مسافر ہنستے ہوئے سنا جاسکتا ہے اور واقعے کو بہت دلچسپ قرار دے رہا ہے۔

بظاہر یہ لڑائی ایک مسافر کے فلائٹ اٹنڈنٹ کے دفاع کے لیے سامنے آنے کے بعد شروع ہوتی ہے۔طیارے کے عملہ کے اس رکن کو دوسرے مسافر زد وکوب کررہے تھے اور وہ اس کو بچانے کی کوشش کررہا تھا۔