.

دنیا کی سب سے فربہ مصری عورت کے وزن میں نصف کمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دنیا میں سب سے فربہ مصری عورت کے وزن میں بھارت کے شہر ممبئی میں علاج کے بعد نصف تک کمی واقع ہوگئی ہے۔

ایمان احمد عبدالعاطی کو فروری میں ائیر ایمبولینس کے ذریعے بھارت منتقل کیا گیا تھا۔اس وقت اس کا وزن 500 کلوگرام تھا۔ وہ ممبئی کے سیفی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ گذشتہ دو ماہ میں اس کا سرجری اور خصوصی خوراک کے ذریعے علاج کیا گیا ہے اور اس دوران میں اس کے وزن میں 245 کلوگرام کمی واقع ہوچکی ہے۔

36 سالہ ایمان کا علاج کرنے والی ڈاکٹروں کی ٹیم کے نگران ڈاکٹر مفضل نے بتایا ہے کہ سرجری کے بعد وزن میں اتنی تیزی سے اور اس قدر کمی پر تو تمام طبیب بھی حیرت زدہ ہیں کیونکہ انھیں اس خاتون کے وزن میں اتنی زیادہ اور اس قدر تیزی سے کمی کی توقع نہیں تھی۔

ہندوستان ٹائمز میں شائع شدہ ایک رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر مفضل کا کہنا تھا کہ ’’ ایمان کی صحت میں بہتری پانی میں تیزی سے کمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ہمارے خیال میں آیندہ چند ماہ کے دوران میں اس کے وزن میں 20 سے 30 کلوگرام تک ہرماہ کمی واقع ہوگی‘‘۔

سیفی اسپتال کے شعبہ نیفرالوجی (گردہ) کے سربراہ ڈاکٹر حمل شاہ نے بتایا ہے کہ اس خاتون کا اس وقت وزن کم ہوکر 262 کلوگرام رہ گیا ہے اور وزن میں اتنی زیادہ کمی کے علاوہ اس کے اعضاء نے بھی بہتر انداز میں کام کرنا شروع کردیا ہے۔

اس کے گردوں کی کارکردگی میں بہتر آئی ہے مگر وزن میں کمی اور جسمانی اعضاء کی کارکردگی میں بہتری کے باوجود وہ بدستور مفلوج رہے گی کیونکہ اس کے جسم کا دایاں حصہ ناکارہ ہوچکا ہے۔