.

سعودی ولی عہد کا قیدیوں کی رہائی مہم میں دو کروڑ ریال کا عطیہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے نئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ماہ رمضان کے دوران انسانی ہمدردی اور رحم دلی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے قیدیوں کی رہائی کے لئے چلائی جانے والی مہم کو دو کروڑ سعودی ریال کی خطیر رقم عطیہ کی ہے۔

محمد بن سلمان کی جانب سے عطیہ کردہ یہ رقم پوری مہم میں جمع ہونے والی مجموعی رقم کا 20 فیصد بنتی ہے۔ یہ رقم اس مہم کو دیا جانے والا سب سے بڑا انفرادی عطیہ ہے۔

قیدیوں کی رہائی کی مہم کے تحت جمع کی جانے والی رقم کی مدد سے 1414 افراد کی جیل سے رہائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس سے پہلے ولی عہد نے جازان کے علاقے کی قومی کمیٹی برائے بحالی اسیران کے ایک پروگرام کو 20 لاکھ سعودی ریال کی امداد دی تھی۔

اس کے علاوہ محمد بن سلمان نے عسیر، نجران اور دیگر جنوبی سرحدی علاقوں میں بھی ایک کروڑ دس لاکھ سعودی ریال کی خطیر رقم کی امداد دی تاکہ مالی وجوہات کی بناء پر جیلوں میں پھنسے قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنایا جاسکے۔