.

برازیلی دلہن کی شادی کے موقع پر ہیلی کاپٹر حادثے کی ویڈیو جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

گذشتہ برس دسمبر میں برازیل میں چرچ میں شادی کی رسومات کے لیے ہیلی کاپٹر پر جانے والی دلہن کے عروسی لباس میں حادثے میں موت اور اس کے آخری لمحات کی فوٹیج منظرعام پر آئی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ویڈیو فوٹیج میں خاتون روز ماری سیلفا کو عروسی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ گذشتہ برس دسمبر میں اپنے بھائی اور شادی کی تقریب کے فوٹو سیشن کے لیے ایک خاتون فوٹو گرافر اور ایک چھ ماہ کے بچے کے ہمراہ سان پاؤلو سے چند میل دور چرچ میں ہونے والی شادی کی رسومات میں شرکت کے لیے ہیلی کاپٹر پر جا رہی تھیں کہ ہیلی کاپٹر اپنی منزل مقصود سے کچھ فاصلہ پہلے گر کر تباہ ہوگیا۔

شادی سے کچھ ہی دیر قبل سیلفا کو اپنے بھائی کے ہمراہ ہیلی کاپٹر میں دیکھا جاسکتا ہے۔ دونوں بہت خوش دکھائی دیتے ہیں۔ چند منٹ کی ویڈیو کے آخر میں اچانک ہیلی کاپٹر لڑکھڑاتا دکھائی دیتا ہے اور اس میں سوار افراد کی چیخ پکار بھی سنائی دے رہی ہے۔ المناک حادثے کا یہ منظر سیلفا کے ہمراہ آنے والی فوٹوگرافر [جو خود بھی اس حادثے میں جاں بحق ہوگئی تھی] کے کیمرے میں محفوظ ہوگیا تھا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق برازیلی دلہن اپنےہونے والے شوہر کو سرپرائز دینا چاہتی تھی کہ وہ ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر اپنی شادی کی تقریب میں پہنچی ہے مگر قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ بتیس سالہ دلہا اوڈیرلی ڈاماسینو چرچ میں جاری شادی کی رسومات میں اپنی دلہن کی آمد کا منتظر تھا مگر دلہن کے بجائے اس کے پاس اس کی المناک حادثے میں موت کی خبر پہنچی تو وہ سکتے میں آگیا۔

برازیلی حکام نے اس حادثے کی تحقیقات کی ہیں۔ موسم کی خرابی کو حادثے کی بڑی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔ بعض محققین کا کہنا ہے کہ کیمرے سے ملنے والی ویڈیو سے ہیلی کاپٹر کے کپتان کی غلطی کا بھی پتا چلتا ہے۔ شادی کی تقریب میں تین سو مہمان جمع تھے جن میں سے صرف چھ کو پتا تھا کہ دلہن ہیلی کاپٹر پر آ رہی ہے۔