.

اسلام آباد ایئر شو: سعودی، ترک اور پاکستانی شاہینوں کے شاندار فضائی کرتب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاک فضائیہ کی جانب سے منعقدہ ائیر شو میں آرمی ایوی ایشن اور ترکی وسعودی فضائیہ کے ہاکس نے بھی شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا۔

ملک بھر میں 70 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے تحت منایا گیا۔ ملک کے تمام علاقوں، شہروں، قصبوں، گاؤں اور دیہاتوں میں قومی پرچم آویزاں ہیں اور پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیہ تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایف 9 پارک کی فضاؤں میں پاک فضائیہ کی جانب سے ائیر شو کا انعقاد کیا گیا۔ ائیر شو کی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیر دفاع خرم دستگیر اور ائیر چیف مارشل سہیل امان سمیت سفارتکار، اعلیٰ سول اورعسکری حکام بھی شریک ہیں جب کہ ترکی اور سعودی عرب کی فضائیہ نے بھی خصوصی طور شرکت کی۔

پاک فضائیہ کے میراج طیاروں نے اپنی عسکری خدمات کے 50 سال مکمل ہونے پر فضا میں آزادی کے رنگ بکھیرے اور شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا جب کہ فضائی مظاہرے میں آرمی ایوی ایشن کے دستے نے بھی شرکت کی اور صدر مملکت کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے سلامی بھی پیش کی، فضائی مظاہرے میں ایف سولہ، جے ایف 17 اور فضائی بیڑے سمیت دیگر طیاروں نے بھی حصہ لیا۔

فضائی تقریب میں ترک فضائیہ کے ایف 16 طیاروں نے شاندار فضائی کرتب دکھا کر پاکستانی عوام کا لہو گرمایا جب کہ سعودی ہاکس نے بھی فضائی مہارتوں نے عوام کے دل جیت لئے۔