.

کیا آپ پانی کے نیچے سو سکتے ہیں ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

تعطیلات کے سیزن میں سیر و تفریح اور سیاحت کے مقصد سے کسی مقام کا انتخاب کرنے کے بعد باری آتی ہے ہوٹل کے چناؤ کی جو کہ چھٹیوں کے دوران ہمارے لیے دوسرے گھر کی حیثیت رکھتا ہے

ہوٹلوں کے عام کمروں سے کہیں دُور اب ایسے ہوٹل بھی ہیں جو آپ کو ایک دوسری نوعیت کے تجربے سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں !

اگر آپ سمندر کے دیوانے ہیں اور پانی کے نیچے رہنے سے نہیں گھبراتے تو آپ کو فیجی کے جزیروں کا رخ کرنا چاہیے جہاں آپ کو ہوٹل کے ایسے کمرے ملیں گے جو مکمل طور پر پانی میں ڈوبے ہوئے ہوں گے.. جی ہاں اور وہ بھی اپنی نوعیت کے پہلے فائیو اسٹار ہوٹل میں !

جہاں تک سمندر کی تہہ کے قریب کمروں تک پہنچنے کا تعلق ہے تو اس کے لیے خصوصی لفٹوں کا استعمال ہوتا ہے۔

تاہم یہ خیال رہے کہ اس نوعیت کے کمرے میں ایک ہفتے کا کرایہ 30 ہزار ڈالر ہے۔ انتظار کی زحمت اس کے علاوہ ہے کیوں کہ منتظرین کی فہرست میں 150 سے زیادہ مہمان شامل ہو چکے ہیں جو جلد ہی بکنگ کھلنے کی توقع کر رہے ہیں مگر ابھی تک اس کی تاریخ متعین نہیں ہوئی۔

اگر آپ بلندیوں پر جانا پسند کرتے ہیں اور آپ کو ہوا میں معلّق رہنے پر کوئی اعتراض نہیں تو پھر آپ ہالینڈ کا رخ کیجیے جہاں آپ اس طرح کا کمرہ منتخب کر سکتے ہیں۔ اس کمرے کا ایک رات کا کرایہ ہزار ڈالر ہے اور آپ اپنے کمرے کا منظر تبدیل کرنے کے واسطے کرین کو حرکت بھی دے سکتے ہیں !

اب بات کرتے ہیں ان لوگوں کی جن کو بیک وقت بلندی اور قدرتی مناظر پسند ہیں۔ ایسے لوگوں کے لیے سویڈن میں ایک ہوٹل ہے جو مختلف شکلوں کے کمرے فراہم کرتا ہے اور یہ کمرے درختوں کے بیچ لٹک رہے ہوتے ہیں۔ یہاں ایک رات کا کرایہ 600 سے 1700 ڈالر تک ہے۔

اگر آپ شدید سرد موسم سے رغبت رکھتے ہیں تو سویڈین میں ہی آپ مکمل طور پر برف سے تیار کیے گئے کمرے میں برف کے بستر پر رات گزار سکتے ہیں ! اس کمرے میں ایک رات کا کرایہ کمرے کے لحاظ سے 180 سے لے کر 1000 ڈالر تک ہے۔

اور ہاں یہاں آپ کو شام تک جا کر کہیں کمرہ ملے گا وہ بھی اس شرط کے ساتھ کہ آپ اگلی صبح ٹھیک 7:30 بجے کمرے کو خالی کرنے پابند ہوں گے !

اگر آپ بولیویا کا سفر کر رہے ہیں تو آپ کو چاہیے کہ اس ہوٹل کا ضرور تجربہ کریں جو مکمل طور پر نمک سے بنایا گیا ہے۔ یہاں آپ کو 150 ڈالر کے عوض کمرہ مل سکتا ہے اور پھر آپ ایک انوکھی دنیا کے تجربے سے لطف اندوز ہوں گے کیوں کہ دیواروں ، فرش اور چھت کے ساتھ ساتھ یہاں کرسیاں اور فرنیچر بھی نمک سے تیار کیا گیا ہے۔

قدرتی مقامات پر کیمپنگ کے شوقین افراد فرانس کے جنگلات کے بیچ موجود غباروں میں کمر سیدھی کر سکتے ہیں۔ یہاں کا کرایہ 130 ڈالر ہوتا ہے اور یہاں بیت الخلاء کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

البتہ اگر آپ انتہائی محدود بجٹ کے ساتھ سفر کر رہے ہیں تو پھر جرمنی میں انسانی قد کے برابر ٹوکروں میں آپ کو چین کی نیند مل جائے گی۔ یہاں کے نرخ مقرر نہیں ہیں.. بس جتنا آپ کا بجٹ اجازت دے اتنی ادائیگی کریں !