.

ڈھائی منٹ کا سورج گرہن 70 کروڑ ڈالر کے خسارے کا سبب !

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

آئندہ ہفتے ہونے والے سورج گرہن کے سبب ملازمین کے کام میں پڑنے والے خلل کے نتیجے میں امریکی کمپنیوں کو کروڑوں ڈالروں کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔

امریکی آجروں کو پیداوار کی مد میں 20 منٹ کے دوران تقریبا 69.4 کروڑ ڈالر کا خسارہ برداشت کرنا ہو گا۔ امریکی فرم Challenger , Gray & Christmas کے اندازے کے مطابق 21 اگست بروز پیر ملازمین اپنے کام کے دوران دفتر سے باہر آ کر اس سورج گرہن کا نظارہ کریں گے جو تقریبا 2.5 منٹ تک جاری رہے گا۔

شکاگو میں صدر دفتر رکھنے والی فرم کے نائب سربراہ اینڈی چیلنجر نے بتایا کہ بیس منٹ دراصل ایک محتاط اندازہ ہے۔ بعض لوگ تو دُور بین یا خصوصی ویژن کے چشموں کی تیاری میں اس سے بھی زیادہ وقت لیں گے یہاں تک کہ بعض لوگ اس روز رخصت پر چلے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے جو اس روز سورج گرہن کے وقت اپنے دفتروں سے باہر نہیں آئیں گے۔ چیلنجر کے اندازے کے مطابق 21 اگست کو تقریبا 8.7 کروڑ ملازمین اپنے کاموں پر ہوں گے۔

چیلنجر کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات چھوٹی کمپنیوں پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں جن کے پاس ملازمین کے غیر حاضر ہونے کی صورت میں ان کے زیادہ متبادل ساتھی نہیں ہوتے بالخصوص ایسے وقت میں جب کہ منڈی میں ہنرمند افراد کی کمی ہے۔

چیلنجر کے مطابق 15 افراد پر مشتمل کسی دفتر میں اگر تین سے چار افراد غیر حاضر ہوں تو یہ ایک تباہ کن صورت حال ہوتی ہے۔