.

ولی عہد کا فلاحی تنظیموں کو 50 لاکھ ریال کا عطیہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے ذاتی جیب سے حائل کے علاقے میں فلاحی شعبے میں سرگرم تنظیموں کو پچاس لاکھ ریال کی رقم عطیہ کی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حائل گورنری میں فلاحی اداروں کو دی گئی رقم شہزادہ سلمان کے سپورٹ پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت وہ پورے ملک میں شہری بہبود کے لیے کام کرنے والے اداروں کو عطیات دے رہے ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے عطیہ کی گئی رقم حائل کی تین فلاحی تنظیموں کے ذریعے علاقے کے 4 ہزار 152 افراد تک پہنچائی جائے گی۔ اس رقم سے یتیم بچوں کی کفالت، معاشی طور پر کمزور نوجوانوں کی شادی بیاہ میں مدد اور معذور افراد میں خرچ کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ولی عہد کی جانب سے ان دنوں ملکت کے 6 علاقوں میں مجموعی طور پر 18 ملین ریال امدادی رقوم جاری کی گئیں۔ الریاض کے علاقے کے لیے 23 ملین ریال جاری کیے گئے جس سے 11 ہزار 680 شہری مستفید ہوں گے۔ یہ رقوم 14 تنظیموں کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔ مکہ مکرمہ میں 11 ملین ریال کی رقم سے 10 فلاحی اداروں کے ذریعے 14 ہزار 914 افراد کی کفالت کی جائے گی۔

سعودی عرب کے مشرقی علاقوں کے لیے ولی عہد کے سپورٹ پروگرام کے تحت 16 ملین ریال کی رقم جاری کی گئی۔ یہ رقم 10 تنظیموں کے توسط سے 41 ہزار ضرورت مندوں تک پہنچائی جائے گی۔ القصیم کے علاقے میں 16 ملین ریال سے 7296 خاندان مستفید ہوں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ ہفتے مدینہ منورہ میں فلاحی تنظیموں کے ذریعے ولی عہد اسپورٹ پروگرام کے تحت 60 لاکھ ریال کی رقم جاری کی تھی۔ یہ رقم 4849 ضرورت مندوں تک پہنچائی جائے گی۔