.

چینی نوجوان یقینی موت سے دو بار کیسے بچا؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کہتے ہیں کہ موت انسان کو مضبوط ترین محلات میں بھی معاف نہیں کرتی اور موت کا وقت ابھی نہیں آیا تو موت اور زندگی کے درمیان بال برابر فرق بھی زندگی بچا لیتا ہے۔

جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے کے مصداق چین میں ایک ایسا معجزاتی واقعہ پیش آیا جب چند سکینڈز کے دوران موت نے ایک نوجوان پر دو بار حملہ کیا۔ دونوں بار یقینی موت کے باوجود نوجوان کی زندگی بچ گئی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یہ واقعہ شمالی چین کے لیاؤنیگ کے ھولوڈاو شہر میں پیش آیا جب سڑک کے کنارے ایک نوجوان پلیٹ فارم پر کھڑا کسی کا انتظار کررہا تھا کہ ایک تیز رفتار کار پلیٹ فارم سے ٹکرائی۔ اس لمحے وہ موت سے بچ گیا مگر کار تیزی کے ساتھ بڑھتے ہوئے بجلی کے ایک کھمبے سےٹکرا گئی اور کھمبا زمین پر گر پڑا۔

پہلے لمحے کی نسبت دوسرے لمحے میں نوجوان کی موت اس کے زیادہ قریب تھی۔ صرف چند سیکنڈز کے فرق سے کھمبا اس پر گرنے کے بجائے اس کے بالکل پہلو میں جا گرا اور نوجوان کی دوسری بار یقینی موت سے جان بچ گئی۔

نیوزی لینڈ کے ایک مقامی اخبار ’این زیڈ ہیرالڈ‘ کے مطابق چینی نوجوان کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کو جگہ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں نے محفوظ کرلیا تھا۔ اب یہ فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔ کار ڈرائیور کو بھی معمولی خراشیں آئیں اور وہ بھی حادثے میں محفوظ رہا۔

اخباری رپورٹ کے مطابق چینی نوجوان اپنی محبوبہ کے انتظار میں کھڑا تھا کہ اچانک ایک کار بے قابو ہو کر پلیٹ فارم سے آ ٹکرائی، نوجوان تھوڑا سے پیچھے ہٹا تاکہ پلیٹ فارم اس کے اوپر نہ گر پڑے مگراسے اندازہ نہیں تھا کہ اس کے پیچھے بجلی کا کھمبا بھی گرنے والا ہے۔ قریب تھا کہ کھمبا اس کے سر آ گرتا مگر کھمبا چند سینٹی میٹر کے فاصلے پر گرنے سے اس کی جان بچ گئی۔