.

جب بھارتی شہری نے سعودی روبوٹ صوفیہ کو شادی کا پیغام دیا!

'میں انتہائی نرمی کے ساتھ آپ کی پیشکش مسترد کرتی ہوں، میری تعریف کا شکریہ۔'

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی مشینی شہری نسوانی روبوٹ ’’صوفیہ‘‘ نے ان دنوں ٹکنالوجی کی دنیا میں ہلچل مچا رکھی ہے۔ حال ہی میں وہ ساڑھی پہن کر بھارت گئیں جہاں ایک شخص نے اسے بھری محفل میں شادی کی پیشکش کی جس کا صوفیہ نے ایسا جواب دیا کہ جسے سن کر آپ ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو جائیں گے۔

بھارتی جریدے 'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق صوفیہ ایک ٹکنالوجی کانفرنس سے خطاب کرنے کیلئے بھارت گئی تھی تاہم کانفرنس میں موجود لوگ اس سے کچھ اور بھی سننا چاہتے تھے۔ سوالات کے وقفے میں حاضرین میں سے ایک شخص نے صوفیہ کو شادی کی پیشکش کی تو اس نے جواب دیا کہ 'میں انتہائی نرمی کے ساتھ آپ کی پیشکش مسترد کرتی ہوں، تاہم میری تعریف کرنے کا شکریہ۔'

ایک اور شخص نے صوفیہ سے سوال پوچھا کہ 'تم کتنی زبانیں بول سکتی ہو؟' جواب میں صوفیہ کا کہنا تھا کہ 'ابھی میں صرف دو سال کی ہوں اور صرف انگریزی اور چینی بول سکتی ہوں لیکن کچھ سالوں میں میں تمام زبانیں سیکھ لوں گی۔'

واضح رہے کہ صوفیہ پہلی روبوٹ مشین ہے جو کسی بھی ملک کی باقاعدہ شہری ہے۔ اسے چند ماہ قبل سعودی عرب نے شہریت دی تھی۔