.

مصر: پہلا ریستوران جہاں گاہکوں کے پالتو جانوروں کا کھانا پینا مفت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے شہر اسکندریہ میں اپنی نوعیت کا پہلا کیفے اور ریستوران کھولا گیا۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ یہاں آنے والوں لوگوں کے جانوروں کو کھانے پینے کی تمام اشیاء مفت پیش کی جاتی ہیں۔ سموحہ کے علاقے میں واقع کیفے کا نام "Pets’ Corner" ہے جہاں پالتو جانوروں مثلا کتّوں، بلیوں ، بندروں اور پرندوں وغیرہ کے لیے تمام خدمات پیش کی جاتی ہیں۔

منصوبے کے خالق 31 سالہ محمد الکوک ہیں جنہوں نے کامرس میں گریجویشن کر رکھا ہے۔ الکوک نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ وہ کتوں کو تربیت دینے کا شوق رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس کیفے اور ریستوران کا افتتاح گزشتہ برس جولائی میں کیا جس پر گھر والوں اور دوستوں کی جانب سے بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس طرح پالتو جانوروں کے مالکان اپنے جانوروں کے ہمراہ یہاں کا رخ کرنے لگے۔

الکوک کے مطابق جانوروں کو پیش کی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء مفت فراہم کی جاتی ہیں جب کہ ان کے مالکان جو کچھ کھاتے پیتے ہیں اُس کا معاوضہ لیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کیفے دوسرے کسی بھی ریستوران کی طرح اپنی خدمات پیش کرتا ہے البتہ یہاں کی اضافی خدمت یہ ہے کہ آنے والوں کے پالتو جانوروں کے لیے بھی کھانے پینے کی خدمات پیش کی جاتی ہیں۔

الکوک نے بتایا کہ شکاری اور وحشی درندوں کے سوا ریستوران اور کیفے میں تمام جانوروں کو داخلے کی اجازت ہے اور یہ صبح 11 بجے سے اگلی صبح 4 بجے تک کھُلا رہتا ہے۔

محمد الکوک کا کہنا ہے کہ وہ اپنے منصوبے میں توسیع کا ارادہ رکھتے ہیں اور ایک جاگنگ ٹریک بنانا چاہتے ہیں جہاں آنے والے اپنے پالتو جانوروں کے ساتھ چہل قدمی کر سکیں۔