.

طیارے میں پیش کیے جانے والے کھانوں سے خبردار رہیے!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اس میں تو کوئی شک نہیں کہ فضائی مسافرین پرواز کے دوران لذیذ کھانوں کی توقع نہیں رکھتے۔ تاہم ایسا نظر آتا ہے کہ طیارے میں فاقہ کرنا دوران پرواز پیش کیے جانے والے معمولی معیار کے کھانوں سے بہتر ہے۔

انگریزی ویب سائٹ بزنس اِن سائڈر کے مطابق پانچ ستاروں والی فضائی کمپنیوں میں کام کرنے والی ایئر ہوسٹس شریاس بی نے انکشاف کیا ہے کہ مسافروں کو پیش کیا جانے والا کھانا قطعا "غیر صحت مند" ہوتا ہے یہاں تک اُن لوگوں کے لیے بھی جو سبزی خور ہوتے ہیں۔

شریاس نے واضح کیا کہ "مسافر کے سامنے ٹرے میں آنے والا کھانا کچن میں نہیں بلکہ طیارے میں تیار کیا جاتا ہے۔ جو اکثر مرتبہ 12 گھنٹے پہلے یا یہاں تک کہ روانگی سے چند روز قبل بھی تیار ہوتا ہے"۔

مذکورہ ایئرہوسٹس نے طیارے میں ناشتہ کرنے سے خاص طور پر خبردار کیا اس لیے کہ "جو ہاف فرائی یا آملیٹ آپ کھاتے ہیں وہ صرف انڈا نہیں ہوتا بلکہ وہ انڈے اور دیگر متبادل اشیاء کا مرکب ہو سکتا ہے"۔

جہاں تک پھلوں کا تعلق ہے تو اس سلسلے میں شریاس کا کہنا ہے کہ انہیں کئی گھنٹوں پہلے کاٹا جاتا ہے تاہم فضا میں ہوا کا دباؤ ان کو ایسا رکھتا ہے کہ وہ تازہ نظر آتے ہیں۔

شریاس نے واضح کیا کہ "مسافروں کی اکثریت اس حقیقت کا ادراک نہیں رکھتی کہ فضا میں طیارے کے اندر سطح سمندر سے تقریبا 8000 فٹ کی بلندی کا دباؤ ہوتا ہے۔ اس سے نہ صرف کان پر دباؤ اور مزاحمت کا مسئلہ پیش آتا ہے بلکہ یہ زمین پر ہماری موجودگی کے مقابلے میں چکھنے اور سُونگھنے کے حواس کو بھی سُن کر دیتا ہے۔

ایئرہوسٹس شریاس کے مطابق یہ عامل کھانے کے ذائقے اور مہک پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔ اسی واسطے فضائی کمپنیوں کو کھانا فراہم کرنے والے اداروں نے حالیہ چند برسوں میں مسافر کے ذائقے کے حاسّے کو مطمئن کرنے کے لیے کھانوں میں مسالوں ، نمک اور تیل کی مقدار کو دانستہ طور پر بڑھا دیا ہے۔

شریاس نے باور کرایا کہ یہ ایک اہم وجہ ہے جس کے سبب عملے کے افراد اپنا کھانا ساتھ لانے کو ترجیح دیتے ہیں اور طیارے میں پیش کیا جانے والا کھانا نہیں کھاتے۔

اسی طرح ایک دوسری ایئرہوسٹس نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ طیارے کے مشروبات سے بھی خبردار رہنا چاہیّے۔ اس فضائی میزبان نے انکشاف کیا کہ طیارے میں چائے تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جانے والا پانی اسی معیار کا ہوتا ہے جو بیت الخلاء کے اندر استعمال ہوتا ہے۔

اس نے مزید بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ماہرین کے ذریعے طیارے میں استعمال ہونے والے پانی کا جراثیم کے لحاظ سے معائنہ کیا گیا تو ماہرین نے کسی بھی گرم پانی یا چائے سے گُریز کیا۔ البتہ پیکڈ واٹر اور برف کے استعمال میں یقینا کوئی ضرر نہیں۔