.

’خوابوں‘ کا گھر جس کی راہ داریاں پانی کی نہر ہے‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فن تعمیر کے ماہرین نئی اور انوکھی عمارتیں تعمیر کرکے دنیا کو حیران کر رہے ہیں۔ اس باب میں ایک نیا اور اچھوتا اضافہ امریکا میں ’خواب گھر‘ ہے۔ یہ ایک ایسا مکان ہے جس کا تصورآج تک انسان صرف کارٹون فلموں میں کرسکتا تھا مگر ایک امریکی انجینیر نے اس خواب کو حقیقت کےروپ میں پیش کردیا ہے۔

امریکی ریاست فلوریڈا میں قائم اس گھر کے معمار مشہور امریکی آرکیٹکٹ الفریڈ براؤننگ پارکر ہیں۔ انہوں نے ایسا ایک انوکھا مکان تعمیر کیا ہے جس کے بیچوں بیچ ایک نہر بہتی ہے جو اس گھر کے کمروں تک رسائی کا راستہ ہے۔ اس گھر میں رہنے والے افراد ایک سے دوسرے کمرے تک چل کر نہیں بلکہ اس نہر میں موجود کشتی کے ذریعے جاسکتے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عالمی ذرائع ابلاغ میں اس ’خواب گھر‘ کے کافی چرچے ہیں۔ 18 ہزار مربع فٹ کو محیط یہ مکان فلوریڈا میں میامی شہر کااب تک کا حیرت انگیز گھر ہے۔

پچھلے سال یہ مکان 10 لاکھ ڈالر میں فروخت کیا گیا تھا۔ اس مکان کو جدید فن تعمیر کا نایاب تحفہ قرار دیا جاسکتا ہے کیونکہ اس کا ڈیزائن کارٹون فلموں میں تو دیکھا گیا مگر حقیقت کی دنیا میں پہلی بار دیکھا گیا ہے۔

برطانوی اخبار ’میٹرو‘ کے مطابق اس مکان کے بیچوں بیچ ایک نہر بنائی گئی جس میں چھوٹی کشتیاں رکھی گئی ہیں۔ انوکھے گھر، اس کے صحن سے بیٹھک، وہاں سے ڈرائنگ روم اور بیڈروم تک جانے کے لیے پیدل چلنے کے بجائے کشتی پر ہی پر جایا جاسکتا ہے۔ یوں اگر آپ اس گھرمیں ہیں تو آپ کو صحن یا ڈرائنگ روم سے بیڈ روک تک جانا ہے تو آپ کو اس نہر کوعبور کرنا ہوگا۔

دنیا کے اس منفرد مکان کی صرف یہی خصوصیت نہیں کہ اس کے درمیان میں ایک نہر ہے جو ایک سے دوسرے کمرے میں جانے کا راستہ ہے بلکہ اس خواب گھر کے کئی دوسرے حصے بھی ایسے ہی حیرت انگیز ہیں۔ مثال کےطور پر ایک بیڈ روم تین منزلہ ہے۔ ایک بڑی لائبریری، تین دیواروں والا کمرہ بھی اس کا حصہ ہے۔ تین دیواروں والے کمرے کامقصد کھلی ہوامیں نیند کےمزے لینے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

گھر کے وسط میں ایک حوض ہے۔ گھر کا بیرونی منظر بھی کم دلفریب نہیں، بار کھجور کے درختوں اور دیگر پھل دار پودوں کا ایک سرسبز باغ ہے۔ دنیا بھر میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا منفرد گھر ہے۔