.

شاہ سلمان جنادریہ کے میلے میں شاہ عبدالعزیز کو دیکھ کر جذباتی ہو گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں 32 ویں جنادریہ میلے کے افتتاح کے موقع پر اُس وقت انتہائی جذباتی منظر دیکھنے میں آیا جب مملکت کے فرماں روا شاہ سلمان اپنے سامنے سعودی مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود کو دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے۔ شاہ عبدالعزیز کے کردار میں جلوہ گر ہونے والی شخصیت سعودی اداکار عبداللہ الاحمری کی تھی جو مملکت کے بانی کے حُلیے میں اُن ہی کے انداز میں حرکت کرتے نظر آئے۔

شاہ عبدالعزیز 1876 میں ریاض میں پیدا ہوئے۔ دوسری سعودی ریاست کے سقوط کے بعد وہ اپنے والد کے ہمراہ نکلے اور پھر 1932 میں مملکت سعودی عرب کے نام سے تیسری سعودی ریاست قائم کی۔

سعودی اداکار عبداللہ الاحمری نے اپنے کردار کے حوالے سے ٹوئیٹ میں کہا کہ "ہمارے والد خادم حرمین شریفین کے سامنے مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز کا کردار ادا کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے"۔

سعودی عرب میں ورثے اور ثقافت سے متعلق "جنادریہ" کا مشہور میلہ بدھ کے روز شروع ہوا اور یہ تین ہفتوں تک جاری رہے گا۔ اس کے افتتاح کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور خلیجی عرب ممالک کے کئی امراء اور شیوخ موجود تھے۔

جنادریہ کے میلے کا آغاز گزشتہ صدی کی 80ء کی دہائی میں ہوا۔ اس کا مقصد سعودی عرب کے عوامی ورثے کو تحفظ فراہم کرنا اور اسے نظر انداز ہونے سے بچانا ہے۔