.

سعودی عرب کی نئی خاتون نائب وزیر محنت کون ہیں؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے شاہی دیوان کی طرف سے رات گئے جاری کردہ نئے شاہی فرامین کے تحت کئی عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کے بعد ان کی جگہ نئے افراد کا تقررعمل میں لایا گیا ہے۔

نئی تعیناتیوں میں سماجی بہبود اور محنت کے شعبے کے لیے خاتون نائب وزیر کے عہدے کے لیے ڈاکٹر تماضر بن یوسف الرماح کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔ سعودی عرب کابینہ میں وزارت محنت وسماجی ترقی میں نائب وزیر کے لیے یہ نیا عہدہ تخلیق کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر تماضر بنت الرماح سیکرٹری لیبر وسماجی امور کے عہدے پر تعینات تھیں۔ ایک سیکرٹری سے نائب وزیر کے عہدے پر ترقی پانے والی وہ دوسری خاتون ہیں۔

پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر الرماح انجینیر ہیں۔ انہوں نے سنہ 2007ء میں مانچسٹر یونی ورسٹی کے میڈیکل وہیومن سائنس کالج سے ریڈیالوجی ومیڈیکل انجینیرنگ کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی جب کہ سنہ 2003ء میں انہوں نے ’ویلز بانگور‘ یونیورسٹی سے ’سی ٹی اسکین‘ میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی تھی۔ اس سے قبل سنہ 1995ء میں انہوں نے سعودی عرب کی شاہ سعود یونیورسٹی سے ریڈیالوجی میں گریجوایشن کیا تھا۔

ڈاکٹر تماضر الرماح شاہ فیصل ریسرچ سینٹر کے میڈیکل کپلیکس میں فزکس کے شعبے کی معاون کے طورپر خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔ انہوں نے الریاض کی شاہ سعودی یونیورسٹی میں ریڈیائی سائنس کے شعبے کی اسپیشلسٹ کے طورپر بھی خدمات انجام دیں۔