.

فرانسیسی صدر کی اپنی بیگم کے ساتھ تاج محل کے احاطے میں تصاویر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں اور ان کی بیگم بریگیٹ نے اپنے بھارت کے دورے کے دوسرے روز اتوار کو تاج محل کے رومان پرور ماحول میں وقت گزارا۔ انہوں نے محبّت کی عظیم علامت سمجھی جانے والی عمارت کے پس منظر میں غروبِ آفتاب کے حسین مںظر کا خصوصی نظارہ بھی کیا۔

عمانویل ماکروں ہفتے کے روز بھارت کے تین روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے تھے۔ ان کے اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو بالخصوص اقتصادی شعبے میں مضبوط بنانا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ماکروں اور ان کی بیگم کے دورے کے موقع پر تاج محل کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ اس موقع پر سیاحتی رہبر نے فرانسیسی زبان میں صدر ماکروں اور ان کی بیگم کو سترہویں صدی میں مغل بادشاہ "شاہ جہاں" کی جانب سے اپنی محبوب بیگم کی یاد میں تعمیر کیے جانے والے تاج محل کے بارے میں تعمیراتی اور تاریخی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

فرانسیسی صدر نے اس حیرت انگیز مقام کو دیکھ کر بھرپور پسندیدگی کا اظہار کیا۔ اسی طرح ان کی بیگم بریگیٹ نے تاج محل کو "جنّت نظیر" قرار دیا۔

غیر ملکی رہ نما اور سربراہان عام طور پر بھارت کے سرکاری دورے کے موقع پر تاج محل کے سامنے تصاویر ضرور بنواتے ہیں۔ اس حوالے سے 1992ء میں برطانیہ کی آنجہانی شہزادی ڈیانا کی تاج محل کے سامنے تصویر ذہنوں میں ابھی تک محفوظ ہے۔