.

سَروں پر مشہور شخصیات کے چہرے تخلیق کرنے والا مصری حجّام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے شہر مغاغہ میں حجامت کے پیشے سے وابستہ ولید مکرم کا بیٹا اپنے والد کے کام کے سبب دوستوں میں شرمندگی محسوس کرتا تھا۔ اس نے کئی مرتبہ اپنے والد سے مطالبہ کیا کہ وہ حجامت کا پیشہ ترک کر دیں۔ تاہم جہاں دیدہ والد نے ایک ایسی ترکیب استعمال کی جس نے "حجامت" کو بیٹے کی نظر میں قابل فخر بنا دیا۔

ولید مکرم اس وقت مصر کے مشہور ترین حجّام کے طور پر پہچانے جاتے ہیں کیوں کہ وہ مشہور و معروف شخصیات کے چاہنے والوں کے سروں پر حجامت کے ذریعے اُن کی محبوب شخصیات کی تصاویر تخلیق دیتے ہیں۔

ولید مکرم نے اپنی اس جدّت طرازی کی ابتدا جن شخصیات کی تصاویر بنا کر کی ان میں عراقی گلوکار کاظم الساہر ، عرب دنیا کی ملکہ ترنم مصری گلوکارہ ام کلثوم اور مزاحیہ مصری اداکار احمد حلمی کے علاوہ برطانوی کلب لیورپول کے لیے کھیلنے والے بین الاقوامی مصری کھلاڑی محمد صلاح نمایاں ترین ہیں۔

ولید نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ محمد صلاح کے چاہنے والوں کے سَروں پر اُن کے محبوب کھلاڑی کی تصویر بنانے کے لیے وہ ایک پیشہ مصوّر کی مدد لیتے ہیں۔ یہ مصور پہلے محمد صلاح کی تصویر بناتا ہے اور ولید اس کو سیکھ لیتے ہیں۔ پھر ولید اس تصویر کو خواہش مند افراد کے سر پر بناتے ہیں جس کے بعد وہ اس انداز سے بالوں کو کاٹتے ہیں جس سے مشہور مصری کھلاڑی کا چہرہ نمودار ہو جاتا ہے۔

ولید کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے اس پیشے سے عشق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب ان کا بیٹا اپنے والد پر فخر محسوس کرتا ہے اور حجامت میں اس جدت طرازی کا ذکر اپنے دوستوں اور اسکول میں کرتا نظر آتا ہے۔ ولید کا بیٹا اخبارات میں اپنے والد کے بارے میں شائع خبروں کے تراشے بھی لوگوں کو پیش کرتا ہے۔