.

امارات میں جدید ترین سروس، گاڑیوں کا ایندھن گھر پر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں ایندھن کی اہم ترین تقسیم کار کمپنی ADNOC Distribution نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی تجرباتی طور پر ایک نئی سروس متعارف کروا رہی ہے جس کا نام "محطّتی" یعنی My Station ہوگا۔ اس سروس کے ذریعے صارفین کو اختیار حاصل ہو گا کہ وہ اپنے گھر یا گاڑی کی جگہ پر بھی ایندھن یا گیس سلنڈر حاصل کر سکیں گے۔

اپریل کے وسط سے ابوظبی میں ایڈنوک ڈسٹری بیوشن کے صارفین معمولی فیس کے عوض اس خصوصی سروس سے مستفید ہو سکیں گے۔ رواں برس کے دوران ہی امارات کے مختلف حصوں میں کمپنی کی یہ سروس عام کر دی جائے گی۔ یہ بات اماراتی روزنامے البیان نے امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی WAM کے حوالے سے بتائی۔

ایڈنوک ڈسٹری بیوشن کے چیف ایگزیکٹو انجینئر سعید مبارک الراشدی کا کہنا ہے کہ "صارفین کو نئی خدمات کے ذریعے مطمئن کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اسی سلسلے میں کمپنی صارفین کو ایندھن فراہم کرنے کے حوالے سے زیادہ آپشنز سامنے لانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے"۔

الراشدی نے مزید کہا کہ "یہ صارفین کے لیے مہیا سروس کے طریقہ کار میں ایک اہم تبدیلی ہے۔ اس واسطے ہم نے اپنے ملازمین اور اہل کاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں اس نئی سروس پر لاگو فیس سے بھی چھوٹ دی گئی ہے تا کہ صارفین بنا کسی اضافی اخراجات کے نئی سروس کے عادی بن جائیں۔ آنے والے ہفتوں میں ہم سرکاری اور نجی سیکٹر میں اپنی اس نئی سروس کو بھرپور انداز سے متعارف کروائیں گے"۔

کمپنی کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو جان کیری کا کہنا ہے کہ "ہم اپنے تمام صارفین کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے اسٹیشنز کا دورہ کریں اور ہماری اس نئی سروس سے آگاہی حاصل کریں۔ ہم صارفین کو راحت پہنچانے کے واسطے مزید نئی خدمات بھی متعارف کرائیں گے۔ اپریل کے وسط سے ابوظبی کے 40 اسٹیشنوں پر صارفین ہماری نئی سروس سے مستفید ہو سکیں گے"۔

اس وقت ابوظبی میں محدود دائرہ کار میں "محطتی" سروس کا تجربہ کیا جا رہا ہے جس کا مقصد صارفین کو اسمارٹ فون ایپلی کیشن کے ذریعے گیسولین یا گیس سلنڈز پہنچانا ہے۔