.

ناقابلِ یقین ! براہ راست انٹرویو کے دوران بِلّی یونیورسٹی پروفیسر کے سَر پر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پولینڈ میں ایک پروفیسر کے ساتھ جاری ٹی وی انٹرویو کو اُس وقت روک دینا پڑا جب ایک بلّی دوران گفتگو مذکورہ پروفیسر کے سر پر چڑھ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر Targalski ایک ڈَچ ٹی وی کے پروگرام کی براہ راست نشریات میں پولینڈ کی سیاسی صورت حال پر روشنی ڈال رہے تھے کہ اچانک سے پروفیسر کی پالتو بلّی اُن کے کندھے پر چڑھ گئی اور اپنی نرم و ملائم دُم کو ڈاکٹر Targalski کے چہرے پر پھیرنے لگی۔

مذکورہ بلّی انٹرویو کے آغاز سے قبل پروفیسر کے نزدیک ایک میز پر براجمان تھی تاہم بعد ازاں غالبا اسے اپنے مالک کے کندھے سے زیادہ راحت دینے والی جگہ نظر نہیں آئی۔

دل چسپ بات یہ ہے کہ بلّی کی مداخلت اور دل پشوری کے باوجود پروفیسر Targalski نے کسی قسم کی پریشانی کا اظہار نہیں کیا اور انہوں نے بالکل نارمل انداز سے کیمرے کے سامنے اپنی گفتگو جاری رکھی۔ کچھ دیر بعد انگریزی میں گفتگو کرنے والے پروفیسر نے آخرکار بلّی کی دُم کو پکڑ کر اپنے چہرے سے ہٹا دیا۔

یہ انٹرویو کرنے والے ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے صحافی نے بلّی کے منظر والا وڈیو کلپ خاص طور پر ٹوئیٹر پر شیئر کر دیا جس کو تقریبا 9 ہزار بار مزید شیئرکیا گیا۔

پروفیسر Targalski انٹرویو میں پولینڈ کے نئے قانون کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے جس کے مطابق ججوں کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر کو 70 برس سے کم کر کے 65 برس کر دیا گیا ہے۔ حکومت کے اس متنازع فیصلے نے ہزاروں شہریوں کو احتجاج کے لیے سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا۔