.

روسی صدر نے موذی مرض میں مبتلا بچے کی کیا خواہش پوری کی؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

روسی صدر ولادی میر پوتین نے موذی مرض میں مبتلا 15 سالہ لڑکے کو اپنے پر تعیش طیارے کے اندر سیر کروا کر اس کا دیرینہ خواب پورا کر دیا۔ روسی صدر کے اس طیارے کی مالیت 39 کروڑ ڈالر کے قریب ہے۔

اطلاعات کے مطابق روسی صدر نے اس مرتبہ ایک خطرناک مرض میں مبتلا روسی لڑکے ارسلان کائیبکولوف کو اپنے طیارے میں سیر کروائی جس نے بعد میں طیارے کے اوصاف کو اپنے نقطہ نظر سے بیان کیا اور اپنے کیمرے کی آنکھ میں طیارے کی تصاویر محفوظ کیں۔

روسی صدر پوتین نے ارسلان کو اپنے Al-96-300PU طیارے کے اندر جانے کی اجازت دی تاکہ وہ طیارے کی اندر سے تصاویر لے سکے۔ ارسلان واحد بچہ ہے جس کو صدر پوتین کی جانب سے یہ اعزاز بخشا گیا۔

ارسلان کا کہنا ہے کہ پوتین نے اس کے خواب کو حقیقت کا رُوپ دے دیا۔ روسی صدر اس موقع پر ارسلان کے ساتھ نہیں تھے تاہم انہوں نے ماسکو میں کریملن میں اپنے دفتر سے ارسلان کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کی۔

ارسلان طیارے کے دورے کے دوران کاک پٹ میں کپتان کی نشست پر بیٹھا اور اُس کانفرنس روم کو بھی دیکھا جہاں سے پوتین فضا میں رہتے ہوئے ملک کے انتظامی امور چلاتے ہیں۔

یہ طیارہ دنیا کے پر تعیش ترین طیاروں میں سے ہے اور کہا جاتا ہے کہ اس کے حمام اور بیت الخلا میں نصب سامان پر سونے کا پانی چڑھا ہوا ہے۔

کانفرنس روم کی بڑی سی میز پر بھی سونے کا پانی چڑھا ہوا ہے جب کہ اطراف میں چمڑے کے غلاف والی نشستیں موجود ہیں۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ولادی میر پوتین نے کسی بھی دوسرے روسی رہ نما کے مقابلے میں سب سے زیادہ فضائی سفر کیا ہے۔

روسی صدر بہت سے بیمار بچوں کے خوابوں کو پورا کرنے میں مدد دے چکے ہیں۔ ان میں ایک بچی ریجینا تھی جس نے پوتین کا ٹی وی انٹرویو کیا جو کہ اس بچی کا خواب تھا۔ اس کے علاوہ ایک بچے نے ہیلی کاپٹر میں پوتین کے ساتھ سفر کیا جب کہ ایک دوسرے بچے نے پوتین کے ساتھ روس کی فلمی صںعت کا دورہ کر کے اپنے خواب کو حقیقت کا رُوپ دیا۔

ارسلان کی والدہ نے اپنے بیٹے کے اس تجربے کو ایک "حقیقی کرشمہ" قرار دیا۔