.

لہسن، پیاز اور آلو کی سڑک، الجزائر کے قصبے میں احتجاج کا انوکھا انداز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

الجزائر کے شمالی صوبے بومرداس کے علاقے بغلیہ میں مقامی آبادی نے اپنے قصبے میں انفرا اسٹرکچر کی خدمات کی عدم فراہمی پر احتجاج کا انوکھا طریقہ اپناتے ہوئے کیچڑ سے بھرے ایک راستے پر تھوڑے فاصلے سے پیاز، لہسن اور آلو کے پودے لگا دیے۔

ذرائع کے مطابق علاقے میں واقع سومانی کے محلے میں ایک کچّے راستے کو پختہ بنایا جانا تھا۔ تاہم متعلقہ حکام کی تاخیر نے مقامی لوگوں کو مجبور کر دیا کہ وہ اعلی عہدے داران تک اپنی صدا پہنچانے کے واسطے ایک منفرد طریقے کو اختیار کریں۔

الجزائر کے قصبے کے لوگوں کی مذکورہ طریقہ احتجاج نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔ اس سلسلے میں صارفین کے تبصروں میں متعلقہ ذمے داران کی سستی کی سخت مذمت کی گئی۔

الجزائر کے ذرائع ابلاغ نے اپنے طور پر پیاز، لہسن اور آلو کے اس راستے کو بھرپور کوریج دی تا کہ صدارتی انتخابات سے قبل اقتصادی بحران سے دوچار ملک کے قصبوں کی مشکلات پر روشنی ڈالی جا سکے۔

آخر کار قصبے کے لوگوں کا یہ احتجاجی طریقہ کار گر رہا اور حکام نے اس راستے کو درست کرنے کے لیے پھر سے کام شروع کر دیا۔ ہو سکتا ہے کہ اس طریقے کے مؤثر ثابت ہونے کے بعد الجزائر کے دیگر علاقوں کے لوگ بھی اسی روش کو اپنانے پر مجبور ہو جائیں۔