.

مصر : سینٹ کیتھرین پہاڑ کی چوٹی پر شادی کی شان دار تقریب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر میں ایک نوجوان جوڑے نے انوکھا انداز اپنا کر اپنی شادی کو یادگار بنا دیا۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے دل موہ لینے والی شادی کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مصری نوجوان محمد سلیم اور ان کی دلہن اسماء محمود نے اپنی شادی کی تقریب کا انعقاد سیناء کے جنوب میں واقع مصر کے بلند ترین پہاڑ "جبل سینٹ کیتھرین" کی چوٹی پر کیا۔ اس موقع پر 20 افراد کو بطور مہمان مدعو کیا گیا تھا۔ اس جگہ کے انتخاب کی وجہ یہ ہے کہ دولہا اور دلہن دونوں کی یہ خواہش تھی کہ ان کی شادی اس مقام پر منعقد ہو جہاں ان کی پہلی ملاقات ہوئی تھی۔

کیمرہ مین یحیی الزینی نے اس خیال کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنے دوستوں کی حوصلہ افزائی کی اور "العربیہ ڈاٹ نیٹ" کے لیے شادی کی تصاویر بھی لیں۔ نوبیاہتا جوڑا اور اس کے دوست ہمیشہ سے پہاڑوں پر چڑھنے کا شوق انجام دیتے رہے ہیں۔ وہ اس تقریب سے قبل سیناء کے علاقے میں 15 پہاڑوں کی چوٹیوں کو سر کر چکے ہیں۔ شادی کی تقریب کے سلسلے میں اس گروپ نے سینٹ کیتھرین کے پہاڑ کو سر کیا اور وہاں پہنچ کر تصاویر لیں۔ پہاڑ پر چڑھنے میں گروپ کو 11 گھنٹے لگ گئے۔

الزینی کے مطابق فوٹو سیشن کا آغاز صبح 7 بجے ہوا اور یہ صبح 9 بجے تک جاری رہا۔ اس حوالے سے دولہا دلہن کی خوشی دیدنی تھی کیوں کہ یہ پہلا جوڑا ہے جس نے اس پہاڑ کی چوٹی پر اپنی شادی کی تقریب منعقد کی۔

یحیی الزینی کے مطابق فوٹوگرافی سے متعلق آلات اور سامان کا وزن 10 کلو گرام سے کم نہ تھا۔ اس کے سبب پہاڑ پر چڑھنے کی مشقت میں اضافہ ہو گیا۔ تاہم مدعو دوستوں کو درپیش تمام تر مشکلات کے باوجود ان سب نے دل چسپ سفر اور تجربے کے حوالے سے مسرت کا اظہار کیا۔