.

مدینہ میں ’’سیرت مطہرہ‘‘ کا چرچا، مسجد قباء کے قریب منفرد نمائش زائرین کی توجہ کا مرکز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مدینہ منورہ میں ان دنوں 'سیرت نبوی اور اسلامی تہذیب' کےعنوان سے ایک نمائش جاری ہے۔ سیرت نبوی ﷺ کے حوالے سے یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی نمائش ہے۔ اس نمائش میں آپ ﷺ کے حسب ونسب، ابتدائی زندگی، پرورش، آداب، اخلاق عالیہ اور آپ کی زندگی کے دیگر پہلوئوں‌ پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

نمائش میں آخری نبی حضرت محمد ﷺ کی دعوت کے مختلف مراحل، ہجرت اور زندگی کےدیگر گوشوں کو مستند حوالوں کے ساتھ پہلی بار دستاویزی انداز میں‌ زائرین کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

مدینہ منورہ میں منعقدہ سیرت نبوی نمائش کا اہتمام رابطہ عالم اسلامی اور سیرت مطہرہ کے میدان میں کام کرنے والے دیگر اداروں کی طرف سے کیا گیا۔ نمائش میں آنے والوں کو سیرت نبوی کے بارے میں مستند معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ سیرت مطہرہ کے تمام پہلوئوں کا احاطہ کرنے والی اس نمائش میں اسلام کی تابناک تہذیب اور تاریخی دینی علمی ورثے کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔

مسجد قباء کے پہلومیں نمائش کے لیے 4 ہزار مربع میٹر کی جگہ مختص کی گئی ہے۔ اس میں بڑی بڑی اسکرینوں کے ذریعے سیرت رسول ﷺ اور اسلامی تہذیب سے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ‌ نیٹ‌ کی ٹیم نے بھی سیرت نبوی نمائش کا دورہ کیا۔ نمائش میں زائرین کی توجہ کے لیے مکہ معظمہ سے مدینہ منورہ تک کے سفر کو ویڈیو کی شکل میں دکھا کر آپ علیہ السلام کی ھجرت کے واقعات کو دکھایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ نمائش میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں مکہ اور مدینہ کے فن تعمیر، مسجد حرام اور مسجد نبوی کی تعمیر کے مراحل، ابتداء سے آج تک کے واقعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ نمائش گاہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک کھلی رہتی اس کے بعد رات دس بجے سے صبح تین بجے تک دوباورہ کھولا جاتا ہے۔