.

کیا آپ بغیر پائلٹ مسافر طیاروں میں سفر کے لئے تیار ہیں؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

تصور کیجئے کہ بوئینگ یا ائیر بس کمپنی کے مسافر طیارے جن میں آپ یا آپ کے پیارے سفر کرتے ہیں ان کو کسی انسانی مداخلت کے بغیر کامیابی سے ایک منزل سے دوسری منزل تک پہنچا دیا جائے۔ کیا آپ ایسے طیاروں میں سفر کو محفوظ سمجھیں گے؟

یورپی طیارہ ساز کمپنی ائیر بس کے ایک عہدیدار کے مطابق ان کی کمپنی کے پاس پورے سفر کے لئے بغیر پائلٹ جہاز چلانے کی ٹیکنالوجی موجود ہے مگر ابھی ہوائی ضوابط طے کرنے والے اداروں اور مسافروں کی تسلی کے بعد اس نظام کو نافذ کیا جائے گا۔

عالمی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کے مطابق کمپنی کی سیلز کے سربراہ کرسچن شیرر نے پیرس ائیر شو کے موقع پر کمپنی کی مصنوعات کے بارے میں بتایا کہ بجلی سے چلنے والے طیارے مستقبل میں ٘ممکن ہوسکیں گے مگر پائلٹ کے بغیر طیارے اڑانے کی ٹیکنالوجی ائیر بس کے پاس اس وقت بھی موجود ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2035 تک بجلی سے چلنے والے یا ہائیبرڈ [بجلی اور تیل دونوں پر] چلنے والے طیاروں کی فروخت شروع ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بناء پائلٹ پرواز میں ہمیں ٹیکنالوجی کی وجہ سے کوئی دقت در پیش نہیں ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ ہم کب تک اپنے مسافروں اور فضائی ٹریفک کے قوائد و ضوابط طے کرنے والے اداروں کو اس ٹیکنالوجی کے استعمال پر راضی کرسکیں گے۔