.

میٹھا تُرش انگور: سعودی عرب میں الاحساء کی لذیذ ترین سوغات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے مشرق میں واقع الاحساء کا نخلستان موسم گرما میں متعدد اشیاء کی پیداوار کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ پیداوار کی شکل، ذائقہ اور معیار اس زرعی علاقے کو مملکت کے دیگر علاقوں کے مقابل امتیازی حیثیت عطا کرتا ہے۔

ان میں انجیر، تربوز، چکوترہ اور الاحساء کا سبز لیموں شامل ہے۔ ان کے علاوہ سرخ اور پیلے انگور الاحساء کے کھیتوں کی پیداوار میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

الاحساء کی زرعی پیداوار میں خصوصی دل چسپی رکھنے والے سعودی شہری حسین البقشی نے رواں سال موسم گرما میں اس حوالے سے تصاویر اور وڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں جو تیزی سے گردش میں آ گئیں۔

البقشی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ وہ وڈیوز اور تصاویر کے ذریعے زرعی پیداوار کو نمایاں کرنے کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔ اس سلسلے میں آخری چیز الاحساء کا انگور تھا۔ یہاں انگور کا سیزن ڈیڑھ ماہ سے زیادہ نہیں ہوتا مگر اس کے باوجود یہ اس نخلستان کی لذیذ ترین چیزوں میں شمار ہوتا ہے۔

البقشی کے مطابق الاحساء کا انگور ایک ہی وقت میں تُرش ہونے کے ساتھ میٹھا بھی ہوتا ہے۔ انگور کے پکنے کے بعد کاشت کار اسے منڈیوں میں پیش کرنے کی دوڑ میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں جہاں اس کی فی ٹوکری قیمت 20 ریال سے زیادہ نہیں ہوتی۔

البقشی سوشل میڈیا پر الاحساء سے متعلق اکاؤنٹس کے ذریعے یہاں کے تاریخی اور آثار قدیمہ کے مقامات کا جمال اور یہاں کے اہم ترین زرعی وسائل کو نمایاں کرنے کی تگ و دو میں رہتے ہیں۔ اس حوالے سے یوٹیوب پر البقشی کا ایک چینل بھی ہے جس کے سبسکرائبرز کی تعداد 1.28 لاکھ ہے۔ اس کی وڈیوز کے views کی تعداد 32 ہزار تک پہنچ جاتی ہے۔

اسی دوران زراعت سے متعلق دل چسپی رکھنے والے متعدد افراد نے الاحساء میں انگور کا وجود مٹ جانے کے حوالے سے اندیشوں کا اظہار کیا۔ ماضی میں یہاں انگور کی پیداوار بہت بڑے پیمانے پر ہوتی تھی تاہم حالیہ عرصے میں اس کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کی وجہ انگور کی کاشت کے لیے موزوں اور مناسب پانی کی قلت اور اس کی دیکھ بھال کے حوالے سے مطلوب تجربے کا نہ ہونا ہے۔ اسی طرح مٹی کی رطوبت کو برقرار رکھا جانا چاہیے اور مٹی سے نمکیات نکالنے کے لیے ڈرپ کا استعمال لازما ہونا چاہیے۔

الاحساء کا انگور زرخیز اراضی میں کاشت کیا جاتا ہے۔ گرم اور خشک فضا اس کی کاشت کے لیے سازگار حالات میں سے ہے۔ سعودی فوٹوگرافر درویش الدرویش نے پیشہ وارانہ زاویے سے الاحساء کے انگور کی متعدد تصاویر اتاریں۔ ان تصاویر میں کھیتوں کے اندر انگور کی پیداوار کی خوب صورتی عیاں ہوتی ہے۔