مارک انٹونی ایم بی سی گروپ کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

بین الاقوامی میڈیا کی صنعت میں وسیع تراور متنوع تجربے کے حامل مارک انٹونی ہالواین کو مڈل ایسٹ براڈ کاسٹنگ سنٹر ( ایم بی سی) کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر( سی ای او) مقرر کیا گیا ہے۔

کمپنی کے چئیرمین ولید آل ابراہیم نے سوموار کے روز خود ایک بیان میں بہ مسرت ان کے تقرر اور گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’ وہ اپنے ساتھ وسیع تر تجربہ بھی لارہے ہیں۔ ہم انھیں ایم بی سی خاندان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔‘‘انھوں نے ادارے میں ان کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیاہے۔

وہ سام بارنیٹ کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے۔انھوں نے اکتوبر میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا تھا۔البتہ وہ مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ انھوں نے ایم بی سی میں سترہ سال تک مختلف عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔

مارک انٹونی 5 جنوری 2020ء کو ایم بی سی گروپ میں اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔وہ نشریاتی صنعت میں متنوع تجربے کے حامل اور کاروباری نمو اور اچھوتے تخلیقی آئیڈیاز کو عملی جامہ پہنانے کی شہرت رکھتے ہیں۔وہ پے ٹی وی ،یورپ میں پروڈکشن اور سیٹلائٹ ٹی وی اور مشرقِ اوسط میں مختلف نشریاتی اداروں میں کام کرچکے ہیں۔

اسی بنا پر ایم بی سی کے چئیرمین ولید آل ابراہیم نے اپنے بیان میں اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ مارک انٹونی نئے سی ای او کی حیثیت سے ادارے کی ترقی کے پانچ سالہ منصوبہ کوعملی جامہ پہنائیں گے۔

مارک انٹونی نے سونی پکچر انٹرٹینمنٹ سے 1995ء میں اپنے پیشہ ورانہ کیرئیرکا آغاز کیا تھا۔وہ ٹیلی ویژن براڈ کاسٹنگ اور پروڈکشن میں بین الاقوامی کیرئیر کے حامل اور معروف میڈیا ایگزیکٹو ہیں۔

ایم بی سی گروپ میں شمولیت سے قبل وہ لکسمبرگ سے تعلق رکھنے والے ایم 7 گروپ کے 2016ء سے 2019ء تک چیئرمین رہ چکے ہیں۔یہ گروپ ہالینڈ ، بیلجیئم ، آسٹریا ، جمہوریہ چیک ، سلواکیہ ،ہنگری اور رومانیہ میں پے ٹی وی چلاتا ہے۔ایم 7 گروپ کو مئی میں وی وینڈی کے کنال پلس گروپ کو ایک ارب یورو کے عوض فروخت کردیا گیا ہے۔

مارک انٹونی اس سے قبل بین الاقوامی ٹی وی پروڈکشن فرم زوڈیاک میڈیا گروپ کے 2013ء سے 2016ء تک سی ای او رہے تھے۔وہ روبس میڈیا پارٹنرز کے شریک بانی تھے اور اس ادارے سے 2011ء سے 2013ء تک صرف دوسال وابستہ رہے تھے۔

وہ 2006ء سے 2010ء تک شو ٹائم عربیہ اور آربٹ شو ٹائم نیٹ ورک (او ایس این) کے صدر اور سی ای او رہے تھے۔ ان دونوں اداروں کے دبئی میڈیا سٹی ہی میں صدر دفاتر قائم ہیں۔

مارک نے 2003ء سے 2005ء تک سی مور انٹرٹینمنٹ ،کینال پلس نورڈک میں سی ای او کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں اور 1997ء سے 2003ء تک فاکس کڈز یورپ کے چینل ڈویژن کے مینجنگ ڈائریکٹر رہے تھے۔

انھوں نے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے معروف تعلیمی ادارے’’سائنسز پو‘‘ سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی تھی اور امریکا کی معروف دانش گاہ ہارورڈ کے بزنس اسکول سے کاروباری انتظام میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں