'العربیہ' اور 'الحدث' کی سٹار نیوز اینکر نجویٰ قاسم انتفال کر گئیں
سینیر صحافیہ نجویٰ کی اچانک اور ناگہانی وفات پر چینل انتظامیہ کا اظہار افسوس
'العربیہ' نیوز چینل اور اس کے برادر ٹیلی ویژن الحدث کی توانا آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئی۔ سینیر صحافیہ نجویٰ قاسم کی ناگہانی وفات نے چینل سے وابستہ ہر فرد کو دکھی کردیا۔ نجویٰ قاسم گذشتہ روز دبئی میں رات کو سوتے میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھیں۔
نجویٰ قاسم نے اپنے صحافتی کیریئر میں طویل عرصہ العربیہ اور الحدث کے لیے رپورٹنگ میں گذارا۔ سنہ 2003ء میں العربیہ چینل کی نشریات کے آغاز سے وہ اس چینل کی فیلڈ رپورٹر کے طور پر شامل ہوئیں۔ انہوں نے عراق اور افغانستان کی جنگوں کے علاوہ کئی دوسرے جنگی محاذوں پرالعربیہ کے لیے کوریج کی۔
چینل انتظامیہ ان کی ناگہانی موت پرصدمے سے دوچار ہے اور چینل کا ہر فرد کے لیے دعا گو ہے۔
ادھر دبئی پولیس نے نجویٰ قاسم کی وفات کے بارے میں تحقیقات کے بعد بتایا ہے کہ نجویٰ کی موت حرکت قلب بند ہونے کے نتیجے میں واقع ہوئی ہے۔ دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر انچیف میجر جنرل خلیل ابراہیم المنصوری نے ایک بیان وضاحت کی ہے کہ پوسٹ مارٹم کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ متوفیہ نجویٰ قاسم دل کا دورہ پڑنے کے نتیجے میں جہاں فانی سے رخصت ہوئیں۔ ان کی موت کے پیچھے کوئی دوسرا محرک نہیں۔
باون سالہ نجویٰ دبئی میں اپنے خاندان کے ساتھ معمول کی زندگی گذار رہی تھیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے نئے سال کی مبارک باد بھی پیش کی۔ وہ گذشتہ شب آرام کے لیے اپنے کمرے میں گئیں مگر صبح کو بیدار نہیں ہوئیں۔ اہل خانہ نے فورا ایمبولینس اور پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس نے ڈاکٹروں کی مدد سے نجویٰ کا معائنہ کیا تو وہ انتقال کر چکی تھیں۔ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے کے باعث واقع ہوئی۔ وفات سے قبل وہ کسی جسمانی عارضے کا شکار نہیں تھیں۔