ایران نے اپنے ملٹری کمانڈر قاسم سلیمانی کی بغداد میں امریکا کے ایک ڈرون حملے میں ہلاکت کے ردعمل میں ایک پروپیگنڈا ویڈیو بنائی ہے۔اس میں ایرانی فورسز کا ایک گروپ واشنگٹن میں امریکی کیپٹول کی عمارت اور وائٹ ہاؤس پر حملہ آورہورہا ہے اور پھر اس ویڈیو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتقام میں ہلاک کررہا ہے۔
اس افسانوی پروپیگنڈا ویڈیو کو ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) سے وابستہ ٹیلی گرام پر ایک چینل نے تیار اور شئیر کیا ہے۔ٹیلی گرام ایران میں پیغام رسانی کی سب سے مقبول ایپ ہے۔
اس ویڈیو میں ایرانیوں کا ایک گروپ قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا انتقام لینے کے بارے میں تبادلہ خیال کررہا ہے۔یہ ممکنہ طور پر سپاہِ پاسداران کے ارکان ہیں۔پھراس گروپ کے ارکان کے درمیان یہ سمجھوتا طے پا جاتا ہے کہ واشنگٹن پر حملہ کرگزریں اور صدر ٹرمپ کو جان سے مار دیں۔
اس ویڈیو کو بنانے والے فلم سازوں نے ہالی وڈ کی ایک مقبول فلم کا سین کاپی کیا ہے۔اس منظر میں امریکی کیپٹول کی عمارت کو دھماکے سے اُڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔اس کے بعد ایرانی فورسز کے آتشیں اسلحہ سے مسلح اہلکار وائٹ ہاؤس میں گھس جاتے ہیں اور صدر ٹرمپ کو قتل کردیتے ہیں۔