'العیدابی' سعودی عرب میں 'شہد کا دارالحکومت' قرار
سعودی عرب کے مشرقی علاقے جازان کے جنوب مغرب میں واقع السروات پہاڑی سلسلے کو نہ صرف زرعی اعتبار سے زرخیز علاقہ سمجھا جاتا ہے بلکہ اس میں بڑی تعداد میں لوگ شہد کی مکھیاں پالتے اور ان سے شہد حاصل کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس علاقے کی العیدابی گورنری کو جازان کے گورنر نے 'شہد کا دارالحکومت' قرار دیا ہے۔
سعودی عرب میں پانچویں سالانہ شہد میلے میں رواں سال العیدابی گونری سے 50 افراد نے اپنے ہاں تیار کردہ شہد کی نمائش کی۔ یہ علاقہ شہد ہی کی وجہ سے مشہور نہیں بلکہ اس کی وجہ شہرت اس کی گہری وادیاں، بلندو بالا پہاڑ اور ان کے بیچ سرسبز و شاداب اور لہلہاتے کھیت، السدر کے درختوں کی بڑی تعداد اس کی شہرت اور شہد کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔
العیدابی میں حاصل ہونے والے شہد کی مختلف اقسام ہیں اور ان کی الگ الگ قیمت ہے۔ یہاں پر 20 ریال سے 400 ریال فی لیٹرشہد دستیاب ہے مگر شہد کی ایک قسم سب سے مہنگی ہے جو ایک ہزار ریال فی لیٹر تک فروخت کی جاتی ہے۔ شہد کی اس قسم کی غیرمعمولی قیمت اس کے بے پناہ فواید اور اس میں پائی جانے والی خصوصیات ہیں۔
العیدابی گورنری میں شہد میلے کے جنرل سپر وائزر عبداللہ الظافری نے بتایاں رواں سال اس گورنری سے شہد میلے میں 50 شہد مالکان نے اپنے ہاں تیار کردہ شہد کی نمائش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ العیدابی میں سالانہ پانچ ٹن شہد کشید کیا جاتا ہے۔