ایم بی سی کی ویڈیواسٹریمنگ سروس ’شاہد‘ کا ڈِزنی ، فاکس اور اسپوٹیفائی سے اشتراک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقا(مینا) کے خطے میں ویڈیو اسٹریمنگ اور ٹی وی کیچ اپ سروس ’شاہد‘ نے ڈزنی ، فاکس اور اسپوٹیفائی کے ساتھ خاص مواد کی شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔

ڈزنی اور فاکس کے ساتھ شراکت داری سے شاہد کو تفریحی پروگراموں کے قریباً تین ہزار اضافی گھنٹے حاصل ہوں گے۔اسپوٹیفائی کے ساتھ شراکت داری سے موسیقی کی خدمات حاصل ہوں گی۔

Advertisement

شاہد کی مالک کمپنی ایم بی سی نے دبئی اوپیرا میں منعقدہ ایک تقریب میں اس شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔اس کے بعد دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر لائٹ شو کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

ایم بی سی گروپ کے چئیرمین شیخ ولید آل ابراہیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم بڑے فخر کے ساتھ خطے کو ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم مہیا کرنے کا اعلان کررہے ہیں۔ ’شاہد‘ ایک گلوبل برانڈ ہے اور دیکھنے کے لیے دنیا کے بہترین ڈیجیٹل پلیٹ فارموں میں سے ایک ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’ایم بی سی گروپ کے ذریعے ہم پورے خطے کو میڈیا کا بہترین تجربہ مہیا کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔یہ ہمارا وقت ہے اور ہم تخلیقی ٹیلنٹ اور آئیڈیاز کو پروان چڑھائیں گے۔‘‘

ولید آل ابراہیم نے سعودی عرب میں اس وقت روبہ عمل جامع متنوع اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی۔انھوں نے کہا کہ ’’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے زیرنگرانی اس وقت میرے آبائی وطن مملکت سعودی عرب میں جن سماجی اور اقتصادی اصلاحات پر عمل درآمد کیا جارہا ہے،ہم ہمیشہ سے ان کا خواب دیکھ رہے تھے۔میرے لیے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ ہم اس خواب کو شرمندۂ تعبیر ہوتا دیکھ رہے ہیں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ’’سعودی عرب اس وقت جس شاندار اور تایخی لمحے کا مشاہدہ کررہا ہے، ہم اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔اس میں علاقائی اور مقامی میڈیا انڈسٹری کی ترقی وتوسیع شامل ہے۔نیز ٹیلنٹ کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔اس سے ہمیں فائدہ اٹھانے اور اس کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔‘‘

واضح رہے کہ ایم بی سی مشرقِ وسطیٰ میں مفت نشریات پیش کرنے والی سب سے بڑی نجی کمپنی ہے۔اس کے تحت ’شاہد‘ کا2009ء میں آغاز کیا گیا تھا اور یہ سروس پہلے ہی ایم بی سی نیٹ ورک تک رسائی مہیا کررہی ہے۔ان میں نو ایچ ڈی چینلز اور ایک کیچ اپ سروس شامل ہے۔

تقریب میں ایم بی سی گروپ کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او) مارک انٹوئن ڈی ہالوئن نے کمپنی کی گذشتہ دس سالہ کارکردگی کا مختصر جائزہ پیش کیا۔انھوں نے کہا کہ گذشتہ ایک عشرے کے دوران میں ایم بی سی نے عربی زبان میں تخمیناً 46 ہزار گھنٹے تفریحی مواد تیار کرکے پیش کیا ہے یا حاصل کیا ہے۔اس کی مالیت قریباً ایک ارب 30 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’اگر اس مواد کی مزید تقسیم کی جائے تو اس میں 26 ہزار گھنٹے میڈیا، تفریحی اور دوسرا مواد شامل ہے اور20 ہزار گھنٹے ٹیلی ویژن سیریز پیش کی گئی ہیں۔ان میں کم وبیش چھے سو ڈرامے شامل ہیں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ’’ شاہد کو یقینی طور پر ایم بی سی کے متنوع اوردنیا کے میڈیا کے بہترین تجربے سے فائدہ پہنچے گا۔یہ سرمایہ کاری اور نمو کا شاندار تجربہ ہے۔‘‘

شاہد نے مذکورہ تین بین الاقوامی میڈیا کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کے اعلان کی خوشی میں فروری کے اختتام تک اپنے صارفین کو 70 فی صد تک رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں