سعودی عرب کے جنوبی سمندر کی فضا میں تیرنے والی دھند سے دلفریب مناظر پیدا ہو رہے ہیں جو دیکھنے والوں پر اپنا سحر طاری کر دیتے ہیں۔
یہ مناظر سعودی عرب کے جنوبی شہر ابھا کے سمندر کے ہیں جہاں دھند اور سمندر ایک دوسرے سے معانقہ کرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ دھند نے نہ صرف سمندری لہروں کو اپنی آغوش میں لے رکھا ہے بلکہ اطراف کے پہاڑوں پر بھی دھند کے مرغولوں نے اپنے ڈھیرے جما رکھے ہیں۔ یہ پرکشش اور جاذب نظر منظر اپنی خوبصورتی میں کسی جادو سے کم نہیں۔ دھند کی دبیز تہہ نے 3015 میٹر بلند پہاڑی چوٹیوں کو بھی اپنے حصار میں لے رکھا ہے۔ موسم سرما کے دوران سمندر پر دھند کے مناظر قدرت کا خوبصورت عطیہ ہے۔
ابھا شہر ساحل، سمندر، پہاڑوں اور سرسبز وادیوں کی وجہ سے ممتاز مقام رکھتا ہے۔ دھند کے ساتھ بارش کے موقعے پر فوٹو گرافر صلاح القرنی نے ان مناظر کو اپنے کیمرے میں محفوظ کیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے القرنی نے کہا کہ موسم سرما کے دوران ابھا کے سمندر میں دھند معمول کی بات ہے۔ یہ دھند جب سمندری پانی اور پہاڑی چوٹیوں کو اپنی لپیٹ میں لیتی ہے تو ان سے قدرت کے حسین شاہکار مناظر جنم لیتے ہیں جو دیکھنے والوں کی نظریں خیرہ کرنے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔