.

سعودی عرب : القدیہ میں تیزرفتار ریکارڈ توڑ رولر کوسٹر چلے گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض کے نواح میں واقع القدیہ میں سِکس فلیگ (چھے پرچمی) تھیم پارک میں ریکارڈ توڑ رولرکوسٹر عقاب کی پرواز (فالکن فلائٹ) مرکز نگاہِ اور لوگوں کی دلچسپی کا محور ہوگی۔

رولرکوسٹر تیز رفتار ، بلندی اور ٹریک کی لمبائی کے لحاظ سے ریکارڈ کی حامل ہوگی۔اس کا ٹریک چار کلومیٹر(ڈھائی میل) لمبا ہوگا اور یہ ڈھائی سوکلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چلے گی۔

القدیہ انوسٹمنٹ کمپنی کے پریس ریلیز کے مطابق فالکن فلائٹ دنیا کی سب سے اونچی کوسٹر ہوگی۔ سعودی عرب میں سِکس فلیگ کے پہلے تھیم پارک القدیہ میں اور بھی جاذب نظر جدید سواریاں اور چیزیں ہوں گی۔

واضح رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 2018ء میں القدیہ پراجیکٹ کا افتتاح کیا تھا۔یہ سعودی عرب کا جدید تفریحی ، ثقافتی اور کھیلوں کا اہم مرکز ہوگا۔اس منصوبہ پر الریاض سے 40 کلومیٹر مغرب میں واقع القدیہ میں کام جاری ہے۔

سعودی حکومت نے 2019ء میں القدیہ کے ماسٹرپلان کا اعلان کیا تھا۔یہ سعودی عرب کا کھیلوں ، فنون اور تفریح کا دارالحکومت ہوگا۔

واضح رہے کہ سِکس فلیگز کے زیرانتظام امریکا ، کینیڈا ، میکسیکو اور چین میں مختلف تھیم پارکس چل رہے ہیں۔اس کا ابتدائی تھیم پارک 1961ء میں امریکا کے شہر ٹیکساس میں قائم کیا گیا تھا۔