سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان آرٹسٹ نے آرٹ اور ڈرائنگ کو ایک نیا آہنگ دیتے ہوئے آلات موسیقی پر جاذب نظر پوٹریٹ اور خاکے تیار کرکے شہرت حاصل کی ہے۔ آلات موسیقی کے راگوں کی طرح ان پر بنائے جانے والے خاکے بھی کہیں دکھ درد کی عکاسی کرتے ہیں اور کہیں خوشی کا اظہار ہیں۔
سعودی آرٹسٹ 'فاطمہ آل یحییٰ' سوشل میڈیا پر 'توما' کے نام سے مشہور ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ میں بچپن ہی سے آرڈ اور ڈرائنگ کی شوقین رہی ہوں۔ میں اسکول کی کاپیوں پر چہروں کے نقوش بناتی۔ میں اپنے خاکوں میں انسانی جذبات، خوشی، دکھ، صدمے اور غصے جیسی کیفیات کا اظہار کرتی۔ اس کا کہنا ہے کہ خاکہ بعض اوقات انسان کی منفی سوچ کو تبدیل کرتا اور مزاج میں بہتری لانے کا بھی ذریعہ ہوتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں توما نے کہا کہ مجھے آلات موسیقی پر خاکہ سازی بہت پسند ہے۔ میں لیوٹ، ہارپ اور وائلن جیسے آلات موسیقی پر انسانی چہروں کی کیفیات کا اظہار کرتی ہوں۔ بعض اوقات دیواروں پر بھی آرٹ کے نمونے تیار کرتی ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں نوجوان آرٹسٹ نے کہا کہ اسے اس کے فن کو آگے بڑھانے میں اس کے خاندان اور معاشرے کی طرف سے بھرپور حوصلہ افزائی حاصل ہوئی۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خاکوں کی ایک آن لائن شاپ کھول رہی ہے جسے وہ منہ مانگے داموں پراپنے فن پارے فروخت کرے گی۔