سعودی عرب کے جنوبی صوبے عسیر کے ضلع بیشہ میں سطح سمندر سے 2000 میٹر کی بلندی سے غروب آفتاب کے سحر انگیز لمحات کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا گیا۔
اس منظر کی تصاویر میں سرخ شفق ظاہر ہو رہی ہے سورج کے افق کو الوداع کہنے کے وقت سامنے آتی ہے۔ نظروں سے اوجھل ہوتے سورج کے لمحات دلوں کو موہ لینے والے ہیں۔
بیشہ فوٹوگرافی کلب کے بانی سیاف الشہرانی کے کیمرے نے موسم سرما کے دنوں میں غروب آفتاب کے یہ خوب صورت مناظر محفوظ کیے۔ ان تصاویر نے تخلیقی فن پاروں کا روپ دھار لیا۔ یہ سب کچھ فوٹوگرافی میں استعمال ہونے والی اعلی ٹکنالوجی کی بدولت ہے۔
بیشہ اور عسیر میں سیاحتی رہبر عبداللہ الشہرانی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "بیشہ میں موسم سرما کی اپنی خاص پہچان ہے۔ اس کی وادیوں کے عقب میں غروب آفتاب کا منظر مبہوت کر دینے والا ہوتا ہے۔ اس دوران شام کی ٹھنڈی ہوا کے جھونکے چلتے ہیں اور درجہ حرارت 2 یا 3 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے"۔
الشہرانی کے مطابق بیشہ حجاز کے بالائی حصے میں واقع وادیوں ترج اور بالقرن کے دامن میں ہے۔ بیشہ صحراء اور پہاڑوں میں اپنی سحر انگیز قدرتی فضاؤں کے سبب امتیازی شان رکھتا ہے۔ یہاں کھیتوں اور سبزے کی بھی بہتات ہے۔