.

سعودی عرب میں 5 مارچ کو 'پیدل چلنے کا قومی' دن قرار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے 5 مارچ کو پیدل چلنے کے عالمی دن کی مناسبت سے اسی تاریخ کو مملکت میں پیدل چلنے کا بھی قومی دن قرار دیا ہے۔ آج پانچ مارچ کو پیدل چلنے کے قومی اور عالمی دن کی مناسبت سے وزارت صحت کی جانب سے پیدل چلنے کے ایس اوپیز کے تحت شہریوں کو چہل قدمی کی ترغیب دی ہے۔

سعودی عرب کے مختلف علاقوں اور گورنریوں میں پیدل چلنے کے قومی دن کے موقعے پر اجتماعی اور انفرادی چہل قدمی کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی عمومی صحت کو بہتر بنانا اور موٹاپے اور دائمی امراض کے شکار 5 لاکھ افراد کی مدد کرنا ہے۔

سعودی وزارت صحت ڈائریکٹر جنرل مارکیٹنگ و رضاکارانہ امور انجینیر انس الحمید نے العربیہ ڈاٹ‌ نیٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزارت صحت شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ پیدل چلنے کے لیے ایک دن مقرر کرنے کا مقصد شہریوں میں صحت مند سرگرمیوں کا ماحول پیدا کرنا عمومی صحت کو بہتر بنانا ہے۔ یہ اقدام مملکت میں ترقی اور اصلاحات کے وسیع تر پروگرام 'وژن 2030' کے اہداف کا حصہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں الحمید کا کہنا تھا کہ فطری انداز میں پیدل چلنے کے بے شمار فواید ہیں۔ اس سے جسم میں مضر صحت کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ فالتو حراروں کو جلانے اور پٹھوں میں لچک پیدا کرنے، ڈی پریشن کو کم کرنے، تھکاوٹ دور کرنے،موڈ اور مزاج میں بہتری، ہڈیوں کی مضبوطی، ہڈیوں کی کمزوری کے عارضے سے بچنے میں مدد، جسم میں خون کی گردش کو بہتر بنانے، وزن کو کنٹرول میں‌ رکھنے، جسمانی چستی کو فعال رکھنے، امراض قلب، بلند فشار خون، دوسرے درجے کی ذیابیطس اور دیگر عوارض سے بچائو میں مدد ملتی ہے۔