سعودی عرب کے علاقے تبوک میں گذشتہ روز ایک وحشی جانور نے ایک مقامی خاندان پرحملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ مقامی نوجوانوں نے حملہ آور درندے کو ہلاک کردیا۔ حملہ کرنے والا جانور بھیڑیا دکھائی دیتا ہے تاہم بعض لوگوں کا خیال ہے کہ وہ آوارہ کتا ہے۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں ایک وحشی جانور کو دکھایا گیا ہے۔ بھیڑیے کی شکل کے اس جانور کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب اس نے ایک مقامی خاندان پرحملہ کردیا تھا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو رہا ہے۔
وحشی جانور کےحملے میں ایک خاندان کی خاتون اور ایک بچہ زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ مغربی تبوک میں ھجرہ السرو کے مقام پر پیش آیا۔ دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں وحشی جانوروں کے حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
گذشتہ مارچ میں الریاض میں ماں کے سامنے اس کی اڑھائی سالہ بچی 5 آوارہ کتوں نے مار ڈالی تھی۔
ادھر الریاض کے سیکرٹری شہزادہ فیصل بن عبدالعزیز بن عیاف نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی علاقے میں موجود کسی آوارہ کتے، بلی یا کسی دوسرے جانور کو دیکھیں تو اس کے بارے میں فوری طورپر متعلقہ حکام کو مطلع کریں۔