کرغیزستان کی عدالت سے کینیڈا کی سونے کی کان کن فرم کو 3۰1 ارب ڈالر جرمانہ
کرغیزستان میں ایک عدالت نے کینیڈا کی ملکیتی سونا نکالنے والی کمپنی کومٹر گولڈ کو ماحول آلودہ کرنے کے مقدمے میں قصور وار قرار دیا ہے اور اس پر اس جُرم میں تین ارب 10 کروڑ ڈالر جرمانہ عاید کردیا ہے۔
کومٹر کینیڈا کے سینٹیرا گولڈ گروپ کا حصہ ہے۔اس پر الزام ہے کہ وہ کرغیزستان میں گذشتہ برسوں میں سونا نکالنے کے دوران میں اپنافالتو مواد اور فضلہ دو گلیئشرز کے نزدیک ٹھکانے لگاتی رہی ہے۔
کرغیزعدالت کے ترجمان نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’دارالحکومت بشکیک کی اوکتیابرسکی کورٹ نے سات مئی کو کومٹرگولڈ کمپنی پر 261۰7 ارب سمس (2 ارب 53 کروڑ یورو،3 ارب 10 کروڑ ڈالر) جرمانہ عاید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
عدالت کے اس فیصلہ سے ایک روز قبل ہی کرغیز پارلیمان نے ایک بل کی منظوری دی تھی۔اس کے ذریعے حکومت کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ اگر کوئی غیرملکی فرم ماحولیاتی قوانین کو توڑتی اور ان کی خلاف ورزیوں کی مرتکب ہوتی ہے تو وہ اس پر ’’بیرونی انتظامیہ‘‘ کا نفاذ کرسکتی ہے۔بہ الفاظ دیگر کرغیزحکومت ایسی کسی کمپنی کا انتظامی کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے سکتی ہے۔
کرغیزستان کے نئے صدر سدیرجاپاروف نے ابھی تک اس نئے قانون پر دست خط نہیں کیے ہیں۔ان کے دست خط کے بعد منظورشدہ بل قانون بن جائے گا۔وہ ایک عرصے سے سینٹیرا کی ملک میں سرگرمیوں کے مخالفت کرتے چلے آرہے ہیں اور وہ اس کو قومیانے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔
بشکیک میں کرغیزپارلیمان میں بل پر رائے شماری کے بعد جمعہ کو ٹورنٹو میں سینٹیرا گولڈ گروپ کے حصص کی قیمتوں میں 29۰8 فی صد کمی واقع ہوئی تھی۔
کینیڈا کے اس گروپ نے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ وہ سونے کی کان کنی کی سرگرمیوں کے دوران میں بین الاقوامی ماحولیاتی معیارات کی پاسداری کرتا ہے۔اس نے کرغیزپارلیمان میں قانون کی عجلت میں منظوری پر حیرت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس نے ایک ہی دن میں بل کی منظوری کے لیے درکار تین خواندگیوں کو پورا کر لیا ہے۔سینٹیرا نے اپنے خلاف الزامات کو کسی میرٹ کے بغیر قراردیا ہے۔
کومٹرکمپنی کے ملازمین کی تعداد 400 ہے۔اس کے اپنے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق وسط ایشیا کے اس ملک کی 2020ء میں مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں اس کا حصہ 12۰5 فی صد تھا۔