سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے آج جمعرات کی صبح عید الفطر کی نماز نیوم شہر میں ادا کی۔
نماز عید کی امامت شاہی دیوان کے مشیر ڈاکٹر عبدالعزیز بن نوح نے کی۔ انہوں نے اپنے خطبے میں شریعت کی روشنی میں عید الفطر کی فضیلت ، اہمیت اور مقصد بیان کیا۔

نماز کے بعد خادم حرمین شریفین نے عید کے پر مسرت موقع پر مبارک باد وصول کیں۔
ادھر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عید الفطر کی نماز دارالحکومت ریاض میں جامع مسجد امام ترکی بن عبداللہ میں عوامی اجتماع میں ادا کی۔

نماز کی امامت "ٹیچنگ اسٹاف کمیٹی آف ہائر جوڈیشل انسٹی ٹیوٹ" کے رکن ڈاکٹر عبدالله بن عبدالعزيز آل الشيخ نے کی۔
انہوں نے اپنے خطبے میں کہا کہ "ہر امت کا ایک آئین ہوتا ہے جس کے ذریعے حقوق اور واجبات کی پاسداری کا تعین کیا جاتا ہے۔ اللہ تعالی نے اس امت کو ربانی آئین اور دستور سے نوازا اور وہ ہے قرآن و سنت ... اس آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ، یہ سراپا رحمت ہے ، سراپا عدل ہے اور سراپا حق ہے جس میں باطل کا کوئی شائبہ تک نہیں"۔

اس موقع پر سعودی ولی عہد کے ساتھ نماز میں مملکت کے مفتی اعظم اور سینئر علماء کمیٹی اور افتاء کے سربراہ شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ بھی موجود تھے۔