.

یورو2020ء:ڈنمارک کے فٹبالرایرکسن میچ کے دوران میں اچانک ڈھے پڑے!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ڈنمارک کے فٹ بالر کرسٹئین ایرکسن فن لینڈ کے خلاف یوروکپ 2020ء کے ایک میچ کے دوران میں اچانک ڈھے پڑے ہیں۔

ایرکسن کو فوری طور پرگراؤنڈ ہی میں ابتدائی طبی امداد دی گئی ہے اور اس کے بعد انھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈینش دارالحکومت کوپن ہیگن میں پارکن اسٹیڈیم میں اس ناگہانی واقعہ کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کوعارضی طورپر معطل کردیا گیا۔

ایرکسن کو جب اسٹریچر پراسپتال منتقل کیا جارہا تھا تو انھوں نے اپنا ہاتھ بلند کیا اور ایک طرح سے اپنے مداحوں کو یہ یقین دہانی کرانے کی کوشش کی کہ وہ خیریت سے ہیں۔

یورو کپ ٹورنا منٹ کے گروپ بی کے میچ کے دوران میں نصف وقت کے وقفے سے چندے قبل ایرکسن اچانک میدان میں گرپڑے تھے۔اس وقت وہ گراؤنڈ کے بائیں طرف کی بیرونی لکیر کے نزدیک بھاگ رہے تھے۔ گرنے کے فوری بعد ان کی ٹیم کے ساتھیوں نے ان کے گرد ایک حصار بنا لیا اور طبّی عملہ نے ان کی چھاتی دبانا شروع کردی۔سی پی آر کے اس عمل کے بعد ان کی سانسیں بحال ہوگئی تھیں۔بتایا گیا ہے کہ ایرکسن کی اسپتال میں حالت مستحکم ہے۔

ایرکسن کو اسپتال لے جانے کے بعد دونوں ٹیمیں بھی میدان سے باہر آگئیں اور یو ای ایف اے کی انتظامیہ نے میچ کو معطل کردیا لیکن بعد میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی رضامندی کے بعد میچ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔