.

امریکا میں گرم ہوا کا غبارہ بجلی کے تاروں سے ٹکرا گیا، 5 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی ریاست نیو میکسیکو میں گرم ہوا کا غبارہ گرنے سے پانچ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ حادثہ ہفتے کے روز الباکرکی شہر میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق غبارے کو چلانے والا اور تین سوار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ چوتھے سوار کو زخمی حالت میں شہر کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ مرنے والوں کی عمریں 40 سے 60 برس کے درمیان ہیں۔ حادثے کے سبب زمین پر کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ ہفتے کی صبح سات بجے کے کچھ دیر بعد یہ غبارہ بجلی کی ہائی ٹینشن وائر سے ٹکرا گیا جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

ہوابازی کی وفاقی انتظامیہ اور پولیس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ہفتے کی صبح پیش آنے والے اس واقعے کے سبب علاقے کے 13 ہزار افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔ بجلی کی مقامی کمپنی کے مطابق فنی تعطل کو دور کر دیا گیا اور لوگوں کو بجلی کی فراہمی بحال ہو گئی۔