سعودی عرب میں نادرپرانی کاروں کے شوقین شہری نے اپنے گیراج میں 35 نایاب گاڑیاں کھڑی کررکھی ہیں اور وہ اب اپنے گھر کو ان نایاب کاروں کے عجائب گھر میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
ناصرالمصری نے اپنے گھر ہی میں دوہزار مربع میٹر کے رقبے میں نادرکاروں کا گیراج بنا رکھا ہے۔انھیں پرانی تاریخی کاریں خرید کرنے کا شوق کیسے چُرایا؟اس بارے میں وہ بتاتے ہیں کہ انھوں نے 1984ء میں اٹلی کے شہر فلورینس میں کلاسیکی کاروں دوڑانے کے ایک مقابلے میں شرکت کی تھی۔
بس وہیں انھوں نے یہ فیصلہ کیا کہ ایک دن ان کے پاس بھی کوئی کلاسیکی کار ہوگی۔انھوں نے گذشتہ 35، 40 سال کے دوران میں بہت سی پرانی گاڑیاں اکٹھی کی ہیں۔ان میں سے بعض بیسویں صدی کے اوائل میں کسادِ عظیم کے زمانے کی ہیں۔
المصری اس کو ’’ریٹائرمنٹ پراجیکٹ‘‘ کانام دیتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ’’وہ گیراج کو مستقبل میں گاڑیوں کے ایک عجائب گھر میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ایک دن ان شاءاللہ اس کو مقامی اور غیرملکی سیاح دیکھنے کے لیے آئیں گے۔‘‘
ان کے پاس 1929ء کی ساختہ ایک کیڈلیک بھی ہے۔انھیں اس کارکا مالک ہونے پر فخر ہے۔وہ بتاتے ہیں کہ ’’انھوں نے اس کار کو سعودی عرب (الریاض) میں لانے میں بہت زیادہ وقت اور کوشش صرف کی ہے۔‘‘
ناصرالمصری کا کہنا ہےکہ ’’مجھے یہ بتایا گیا ہے اور مجھے اپنی تحقیق کے بعد یہ یقین ہے کہ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کی واحد کار ہے۔اس کی بہت سے وجوہ ہیں۔بڑی وجہ تو یہ کہ یہ بہت مہنگی کار تھی۔دوسری یہ کہ یہ کساد عظیم کے زمانے میں یا اس سے چندے قبل بنائی گئی تھی۔‘‘