.
سعودی معیشت

بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے بیرون ملک سفر کے نئے ضابطے متعارف

نئے سفری ضوابط 9 اگست 2021 سے نافذ العمل ہوں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے بیرون ملک جانے والے سعودی شہریوں کے لیے نئے سفری ضوابط جاری کیے ہیں۔ محکمہ شہری ہوا بازی نے مملکت میں موجود تمام سرکاری اور نجی فضائی کمپنیوں کو نئے سفری ضوابط سے مطلع کر دیا ہے۔

محکمہ شہری ہوابازی کے اعلان کے مطابق ’’فضائی کمپنیاں سعودی شہریوں کو بین الاقوامی پروازوں سے سفر کرا سکتی ہیں بشرطیکہ مملکت میں منظور شدہ کسی بھی ویکسین کی مقررہ خوراکیں لے چکے ہوں‘۔ ’ویکسین لگوانے کی شرط سے بارہ برس سے کم عمر کے سعودی شہری مستثنی ہوں گے بشرطیکہ وہ بیرون مملکت کرونا وائرس کے خطرات کور کرنے والی میڈیکل انشورنس دستاویز پیش کریں‘۔

اس پابندی سے کرونا وائرس سے شفا پانے والے وہ شہری بھی مستثنی ہوں گے جن کی بیماری پر چھ ماہ سے زیادہ نہ گزرے ہوں۔ اس سے ان شہریوں کو بھی استثنیٰ حاصل ہو گا جو وائرس میں مبتلا ہوئے ہوں اور مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی ایک خوراک لے چکے ہوں۔

محکمہ شہری ہوابازی نے ہدایت کی ہے کہ ان ضوابط پر عمل درآمد 9 اگست 2021 سے شروع ہو گا۔ سعودی وزارت داخلہ اس سے قبل انتباہ کر چکی ہے کہ کرونا وبا سے متاثرہ ممالک اور کرونا وائرس کی نئی اقسام کے شکار ممالک میں سفر کی اجازت نہیں ہے اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔