سعودی عرب کی جامعہ شاہ عبدالعزیزمشرقِ اوسط میں اعلیٰ تعلیم کا بہترین ادارہ قرار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ٹائمز کی اعلیٰ تعلیم دینے والی عالمی جامعات کی درجہ بندی برائے سال2022ء کے مطابق سعودی عرب کی جامعہ شاہ عبدالعزیزمشرق اوسط میں اعلیٰ تعلیم دینے والی بہترین دانش گاہ قرارپائی ہے۔

جامعہ شاہ عبدالعزیز سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں 1967ء میں قائم کی گئی تھی۔اس کو ٹائمز کی دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں 190ویں نمبر پر رکھا گیا ہے اور یہ مشرقِ اوسط کے خطے کی تمام جامعات میں سب سے آگے ہے۔

ٹائمزہائرایجوکیشن میگزین کے مطابق جس یونیورسٹی کو عالمی معیارکی باوقار دانش گاہ کے طور پر تسلیم کیا گیاہے،اس نے گذشتہ ایک سال میں ’’اندراج اور تعلیمی پروگراموں کے تنوع کے لحاظ سے زبردست مقداری اور معیاری پیش رفت‘‘ کی ہے۔

میگزین کی رپورٹ کے مطابق:’’تحقیق،اختراع، ایکریڈیٹیشن اور درجہ بندی میں اس کی بین الاقوامی رسائی اور اشتراک‘‘نے اس پیش رفت میں مدد دی۔

سعودی عرب کی چودہ دیگرجامعات کو بھی 2022 کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جبکہ گذشتہ سال کی فہرست میں اس کی صرف 10 جامعات ٹائمز کی درجہ بندی میں شامل تھیں۔

فہرست میں شامل سعودی جامعات کے نام یہ ہیں: الفیصل یونیورسٹی، شاہ سعود یونیورسٹی، شاہ فہد یونیورسٹی برائے پٹرولیم اینڈ منرلز،حائل یونیورسٹی ، شاہ سعودبن عبدالعزیزیونیورسٹی برائے ہیلتھ سائنسز، شہزادہ سطم بن عبدالعزیز یونیورسٹی، اُم القریٰ یونیورسٹی، امام عبدالرحمٰن بن فیصل یونیورسٹی، جامعہ شاہ خالد ، جامعہ شاہ فیصل ، تبوک یونیورسٹی، جدہ یونیورسٹی، القصیم یونیورسٹی اور سیف یونیورسٹی۔

درجہ بندی میں یونیورسٹی آف حائل کو دنیا کی سرفہرست 400 یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ جامعہ تبوک کو اس کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ دنیا کی 500 بہترین جامعات میں شمار کیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے ٹائمز کی اس رپورٹ کے بارے میں کہا ہے کہ ’’یہ نتائج دانش مند قیادت کی جانب سے مہیاکردہ لامحدود معاونت اور وزارت تعلیم کی جانب سے یونیورسٹی کے تعلیمی ڈھانچے کو بڑھانے اور بااختیار بنانے کے لیے بڑے پیمانے پرکاوشوں، نافذ کیے گئے پروگراموں اور منصوبوں کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ سعودی وژن 2030 کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات کا حاصل ہیں۔‘‘

مقبول خبریں اہم خبریں